Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

جماعت اسلامی کا لانگ مارچ ملتان میں ہی اختتام پذیر

مصنف:

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف کی وطن واپسی تک اسلام آباد لانگ مارچ مؤخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جماعت اسلامی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج اور لانگ مارچ کی تحریک سے دستبردار نہیں ہوگی۔


ملتان میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باعث حکومت پر دباؤ پڑا، جبکہ حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کے لیے مختلف تجاویز بھی دی گئیں۔


انہوں نے کہا کہ حکومت کا مؤقف ہے کہ وہ آئی ایم ایف پروگرام میں شامل ہے، اس لیے پیٹرولیم لیوی کم نہیں کرسکتی۔


حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد لانگ مارچ سے قبل حکومتی وزرا کے ساتھ ملاقاتوں کے تین سے چار دور ہوئے، تاہم حکومت کی جانب سے دیا گیا ریلیف ناکافی ہے۔ جماعت اسلامی اپنے احتجاج اور لانگ مارچ کی تحریک سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔


امیر جماعت اسلامی نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں فون کرکے لانگ مارچ مؤخر کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ وطن واپسی پر جماعت اسلامی کی قیادت سے ملاقات کرکے پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر بات کریں گے۔


انہوں نے کہا کہ طویل مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم کی پاکستان واپسی تک لانگ مارچ مؤخر کیا جائے گا اور ان سے ملاقات کرکے پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر بات کی جائے گی۔


حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی حکومت سے تحریری یقین دہانی حاصل کرے گی، تاہم احتجاجی تحریک سے دستبردار نہیں ہوگی۔

رسائی کے اختیارات

Size: NORMAL