اسلام آباد: جناح میڈیکل کمپلیکس 23 مارچ 2027 تک فعال کرنے کا ہدف مقرر

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اسلام آباد میں زیر تعمیر جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر پر پیش رفت کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے منصوبے کے تمام اہداف مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ترین طبی سہولیات سے آراستہ یہ اسپتال اسلام آباد سمیت ملک بھر، بالخصوص خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے مریضوں کو بین الاقوامی معیار کی علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرے گا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں زیر تعمیر بین الاقوامی معیار کے اسپتال جناح میڈیکل کمپلیکس سے متعلق جائزہ اجلاس پیر کو اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں منصوبے پر جاری تعمیراتی کام، طبی سہولیات، انتظامی امور اور تکمیل کے اہداف کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ جناح میڈیکل اینڈ ریسرچ سینٹر (JMCRC-I) کے منصوبے پر مجموعی طور پر 59 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ مرکزی اسپتال اور پارکنگ پلازہ کا بنیادی ڈھانچہ مکمل کرلیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق 403 بستروں پر مشتمل اس منصوبے کو 23 مارچ 2027 تک فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسپتال میں طبی آلات کی تنصیب اور دیکھ بھال، ڈیجیٹل اسپتال مینجمنٹ سسٹم کے قیام اور دیگر انتظامی امور پر بھی پیشرفت جاری ہے۔
مزید پڑھیں




