منگل، 27 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کشمیر سنٹر لاہور کے زیرِ اہتمام یومِ سیاہ پر احتجاج، کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں دستخطی مہم


لاہور میں 27 اکتوبر یومِ سیاہ کے موقع پر کشمیر سنٹر لاہور (جموں و کشمیر لبریشن سیل) کے زیرِ اہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں دستخطی مہم چلائی گئی۔


مظاہرے کا مقصد 27 اکتوبر 1947ء کو ریاست جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی آمد، بھارتی کنٹرول کے خلاف کشمیری عوام کے مؤقف کو اجاگر کرنا، مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانا اور نئی نسل میں اس مسئلے کے حوالے سے شعور و آگہی پیدا کرنا تھا۔

احتجاجی مظاہرے سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شیخ عبدالمتین، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سید نصیب اللہ گردیزی، سابق پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر فراز نذیر، سابق رکن صوبائی اسمبلی فرزانہ بٹ، حریت کانفرنس کے سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی، کشمیر سنٹر لاہور کے انچارج انعام الحسن کاشمیری، حریت رہنما انجینئر مشتاق محمود، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما غلام عباس میر، سابق ایس ایس پی چوہدری عطاء، مسلم لیگ (ن) لاہور آزاد کشمیر کے صدر راجہ شہزاد احمد، جماعت اسلامی آزاد کشمیر حلقہ پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عبدالعزیز شگری، محاذ رائے شماری کے رہنما آفتاب نازکی، پروفیسر اسماء حسن، مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل فاروق جرال، چوہدری صدیق، عالمی سیاح مقصود چغتائی، علامہ مشتاق قادری، علامہ فداء الرحمان حیدری، نذر بھنڈر، قاضی انوار، متین کاشمیری، فیصل فابانی اور دیگر شخصیات نے خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے اور کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر محض ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق، آزادی اور حقِ خودارادیت کا معاملہ ہے، جس کے حل کے لیے عالمی برادری کو مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتِ حال کو اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کی آواز عالمی سطح پر مؤثر انداز میں بلند کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے سیاسی، سفارتی، قانونی اور ابلاغی سطح پر کوششیں جاری رہنی چاہییں۔

اس موقع پر منعقدہ دستخطی مہم کے ذریعے عوامی سطح پر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور ان کے حقِ خودارادیت کے مطالبے کو نمایاں کیا گیا۔ کشمیر سنٹر لاہور کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے قومی شعور بیدار کرنے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتِ حال کو اجاگر کرنے کے لیے آگاہی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔