دنیا میں شاید ہی کوئی انسان ایسا ہو جس کے چہرے پر کبھی مسکراہٹ نہ آئی ہو مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ شاید ہی کوئی ایسا ہو جس کے اندر کبھی کوئی الجھن نہ رہی ہو۔ ہر شخص اپنی ذات میں ایک الگ دنیا آباد کیے ہوئے ہے؛ کہیں خواہشوں کا شور ہے، کہیں یادوں کی خاموشی، کہیں مستقبل کا خوف اور کہیں ایسے سوالات جن کے جواب انسان عمر بھر تلاش کرتا رہتا ہے۔ ہم ایک عجیب دور میں جی رہے ہیں۔ لوگ ایک دوسرے سے رابطے میں تو ہیں مگر ایک دوسرے کو سمجھنے سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔ چہروں پر اطمینان سجائے، لفظوں میں خوش حالی سمیٹے اور اپنی مصروفیات کے پیچھے چھپے ہوئے لوگ اندر ہی اندر نہ جانے کتنی جنگیں لڑ رہے ہیں۔ کوئی اپنے حالات سے الجھا ہے، کوئی اپنے فیصلوں سے، کوئی رشتوں سے اور کوئی اپنی ہی ذات سے۔
کچھ لوگ زندگی بھر دوسروں کو خوش رکھنے کی کوشش میں خود سے ناراض ہو جاتے ہیں۔ انھیں ہر وقت یہ فکر رہتی ہے کہ ان کے کسی لفظ سے کوئی دکھی نہ ہو جائے، ان کے کسی فیصلے سے کوئی ناراض نہ ہو جائے، ان کی کسی خواہش سے کسی کا دل نہ ٹوٹ جائے۔ وہ سب کی توقعات کا بوجھ اٹھاتے اٹھاتے اپنی ذات کی آواز سننا بھول جاتے ہیں۔ پھر ایک وقت آتا ہے جب انھیں سمجھ نہیں آتا کہ وہ اپنی زندگی جی رہے ہیں یا دوسروں کی پسند کے مطابق کوئی کردار ادا کر رہے ہیں۔ کچھ لوگ خواہشات کے ایسے مسافر ہوتے ہیں جنھیں منزل مل بھی جائے تو سفر ختم نہیں ہوتا۔ جو موجود ہے اس کی قدر نہیں، جو نہیں ہے اس کی طلب ختم نہیں ہوتی۔ دوسروں کی کامیابی انھیں اپنی ناکامی محسوس ہونے لگتی ہے۔ کسی کا گھر، کسی کی شہرت، کسی کا رشتہ، کسی کی آسائش دیکھ کر وہ اپنی زندگی کو کم تر سمجھنے لگتے ہیں۔ وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ ہر مسکراتے چہرے کے پیچھے ایک مکمل کہانی نہیں ہوتی اور ہر آسودہ دکھائی دینے والے انسان کی زندگی بےفکری سے عبارت نہیں ہوتی۔ پھر کچھ لوگ ماضی کے قیدی ہوتے ہیں۔ گزرے ہوئے لمحوں کو بار بار یاد کرتے ہیں، پرانی غلطیوں پر خود کو سزا دیتے ہیں اور ان واقعات کو بدلنے کی کوشش میں اپنا آج بھی برباد کر دیتے ہیں جنھیں اب بدلا نہیں جا سکتا۔ اس کے برعکس کچھ لوگ مستقبل کے اندیشوں میں اس قدر گھر جاتے ہیں کہ حال کی خوب صورتی بھی ان کی نگاہ سے اوجھل ہو جاتی ہے۔ جو ابھی ہوا ہی نہیں، اس کے خوف میں وہ بہت کچھ کھو دیتے ہیں جو ان کے پاس موجود ہوتا ہے۔ انسان کی ایک بڑی الجھن اس کے اپنے قول و فعل کا تضاد بھی ہے۔ ہم دوسروں سے سچائی چاہتے ہیں مگر خود مصلحتوں کے نام پر سچ چھپا لیتے ہیں۔ دوسروں سے برداشت کی توقع رکھتے ہیں مگر اپنی انا کو ذرا سی ٹھیس بھی برداشت نہیں ہوتی۔ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ ہماری خاموشی سمجھیں، ہماری مجبوریوں کا احساس کریں، ہماری غلطیوں کو معاف کریں مگر دوسروں کے لیے وہی وسعتِ قلبی پیدا نہیں کر پاتے۔ شاید اسی لیے رشتے ختم ہونے سے پہلے اندر ہی اندر ٹوٹنے لگتے ہیں۔ کچھ لوگ اپنی الجھنوں کا بوجھ دوسروں پر ڈال دیتے ہیں۔ اپنے غصے کو حالات کا نام دیتے ہیں، اپنی بےرخی کو مصروفیت کہتے ہیں اور اپنی غلطیوں کا ذمہ دار ہمیشہ کسی دوسرے کو ٹھہراتے ہیں۔ انھیں احساس ہی نہیں ہوتا کہ انسان جب اپنی اصلاح کے بجائے ہر مسئلے کا سبب دوسروں میں تلاش کرنے لگے تو اس کی الجھنیں کم ہونے کے بجائے بڑھتی جاتی ہیں لیکن ہر الجھا ہوا انسان خود غرض یا کمزور نہیں ہوتا۔ بعض لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جنھیں زندگی نے اتنے مختلف راستوں پر کھڑا کر دیا ہوتا ہے کہ انھیں سمجھ نہیں آتی کہ کس طرف قدم بڑھائیں۔ کبھی معاشی پریشانیاں، کبھی رشتوں کی ذمہ داریاں، کبھی اپنوں کی بےحسی اور کبھی اپنی ادھوری خواہشیں انسان کو اندر سے تھکا دیتی ہیں۔ ایسے لوگوں کو فیصلے سنانے سے پہلے سمجھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہر خاموشی غرور نہیں ہوتی، ہر مسکراہٹ خوشی نہیں ہوتی اور ہر فاصلے کے پیچھے بےرخی نہیں ہوتی مگر سوال یہ ہے کہ ان الجھنوں سے نکلنے کا راستہ کیا ہے؟
شاید سب سے پہلے انسان کو خود سے سچ بولنا سیکھنا ہوگا۔ یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ وہ کہاں غلط ہے، کس خواہش نے اسے بےسکون کر رکھا ہے، کون سا خوف اسے آگے بڑھنے سے روک رہا ہے اور کس تعلق کو نبھاتے نبھاتے وہ اپنی ذات سے دور ہو گیا ہے۔ اسے یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ ہر شخص کو خوش رکھنا اس کی ذمہ داری نہیں، ہر مقابلے میں جیتنا ضروری نہیں اور ہر سوال کا جواب اسی لمحے مل جانا بھی لازم نہیں۔ اپنی غلطی مان لینا شکست نہیں، اپنی حدود پہچان لینا خود غرضی نہیں اور ضرورت کے وقت کسی سے مدد مانگ لینا کمزوری نہیں۔ بعض اوقات انسان کو صرف اپنی رفتار کم کرنے، اپنے دل کی بات سننے اور اللہ پاک کے سامنے اپنا بوجھ رکھ دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ دعا، صبر، شکر اور درست عمل انسان کو وہ سکون دے سکتے ہیں جو دنیا کی بےشمار کامیابیاں بھی نہیں دے پاتیں۔
ہمیں دوسروں کے لیے بھی آسانی پیدا کرنا ہوگی۔ کسی کی الجھن کا مذاق اڑانے کے بجائے اسے سننا، کسی کے فیصلے پر فوراً انگلی اٹھانے کے بجائے اس کے حالات سمجھنا اور کسی کے خاموش دکھ کو معمولی سمجھنے کے بجائے اس کے لیے جگہ بنانا سیکھنا ہوگا۔ آخرکار انسان کی سب سے بڑی الجھن شاید یہ نہیں کہ دنیا اسے سمجھ نہیں پاتی، بلکہ یہ ہے کہ وہ خود کو سمجھنے کی کوشش ہی نہیں کرتا۔ وہ عمر بھر دوسروں کی نظروں میں اپنا مقام تلاش کرتا رہتا ہے مگر اپنی نظر میں اپنی قدر پہچاننا بھول جاتا ہے۔ زندگی کو ہر وقت سلجھانے کی کوشش میں اسے جینا نہ بھولیں۔ کچھ سوال وقت کے ساتھ جواب پاتے ہیں، کچھ راستے چلنے سے کھلتے ہیں اور کچھ بوجھ اللہ پاک پر بھروسا کرنے سے ہلکے ہو جاتے ہیں۔ یاد رکھیے! الجھنوں سے پاک زندگی کسی کو نہیں ملتی مگر جو انسان اپنی سوچ، رویے اور ترجیحات کو درست کرنا سیکھ لیتا ہے، وہ الجھی ہوئی زندگی میں بھی سکون کا راستہ تلاش کر لیتا ہے۔
مزید پڑھیں





