کوہاٹ مسجد دھماکہ،تانے بانے افغانستان سے جا ملے

کوہاٹ میں پولیس مسجد پر ہونے والے بم دھماکے کے تانے بانے افغانستان سے جا ملے ،
دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملے میں ملوث ایک خودکش بمبار کی شناخت مطیع اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر افغان شہری تھا۔ حکام کے مطابق دوسرے حملہ آور کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کوہاٹ پولیس مسجد دھماکے میں افغان شہری کے مبینہ طور پر ملوث ہونے سے حملے کے پس منظر اور ممکنہ سہولت کاری کے حوالے سے تحقیقات مزید آگے بڑھائی جا رہی ہیں۔ پاکستانی حکام کی جانب سے اس واقعے کو افغانستان میں موجود عسکریت پسند گروہوں اور پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے درمیان ممکنہ تعلق کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کے لیے مبینہ طور پر ہونے والی سرگرمیوں کے حوالے سے پاکستان متعدد مرتبہ افغان طالبان حکومت کے سامنے تحفظات کا اظہار کر چکا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ غلام خان کے قریب افغانستان سے مبینہ دراندازی کی کوشش کے دوران 15 عسکریت
پسند ہلاک کیے گئے، جبکہ جنوبی وزیرستان کے شوال کے علاقے میں دراندازی روکنے کی کارروائی کے دوران 5 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگایا اور کارروائی کرتے ہوئے انہیں نشانہ بنایا۔ کرم کے سرحدی علاقے میں بھی گزشتہ رات افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک گروپ کو روکنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان میں مختلف عسکریت پسند تنظیموں کی موجودگی اور ان کی سرگرمیوں سے متعلق اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کی رپورٹس میں بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق اقوام متحدہ کی رپورٹس میں افغانستان میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سمیت متعدد دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی کا ذکر کیا گیا ہے۔ پاکستانی حکام کا مو قف ہے کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنا ضروری ہے۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے حکام بھی متعدد مواقع پر افغانستان میں موجود عسکریت پسند گروہوں کے خلاف مو ثر کارروائی اور ان کی مبینہ پناہ گاہوں کے خاتمے پر زور دے چکے ہیں۔
پاکستان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہوں کی کارروائیوں کے باعث پاکستان میں سیکیورٹی کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے، کوہاٹ مسجد دھماکے میں خودکش حملہ آور کی شناخت اور اس کے ممکنہ سہولت کاروں سے متعلق تحقیقات جاری ہیں، جبکہ واقعے کے دیگر پہلوو¿ں کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں





