کچھ ادبی اداروں میں بے ادبی،تحریر: ایس اے شازِم
نقطہ نظر
ادب کسی بھی معاشرے کی فکری، تہذیبی اور اخلاقی شناخت کا آئینہ دار ہوتا ہے اور قلم کار اس آئینے میں معاشرے کے دکھ، خوشیاں، تلخیاں، مسائل اور احساسات منعکس کرتا ہے۔ وہ اپنے قلم کے ذریعے ان موضوعات کو زبان دیتا ہے جنہیں عام طور پر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ اس کی تحریر محض الفاظ کا مجموعہ نہیں ہوتی بلکہ اس کے پیچھے برسوں کا مطالعہ، مشاہدہ، تجربہ، فکری محنت اور جذبات کی ایک طویل داستان پوشیدہ ہوتی ہے۔ ایسے میں ادبی اداروں سے یہ توقع رکھنا فطری ہے کہ وہ اہلِ قلم کی حوصلہ افزائی کریں گے، ان کی صلاحیتوں کو تسلیم کریں گے اور انہیں عزت و احترام کا وہ مقام دیں گے جس کے وہ مستحق ہیں مگر افسوس کہ (کچھ مخصوص) ادبی اداروں کا رویہ اپنے ہی قلم کاروں کے ساتھ ایسا ہتک آمیز ہوتا جا رہا ہے جو ادب کی بنیادی روح سے متصادم ہے۔
یہاں ایک اہم سوال جنم لیتا ہے کہ جو ادارے ادب کے فروغ، قلم کاروں کی پذیرائی اور تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کے دعوے کرتے ہیں، کیا وہ واقعی اپنے مقاصد سے مخلص ہیں؟ یا پھر ان میں سے بعض ادارے محض عہدوں، شہرت، ذاتی تشہیر اور مخصوص افراد کی خوشنودی کے ساتھ ساتھ تعصب پرستی کا بھی شکار ہو چکے ہیں؟
ہمارے ہاں عام طور ادبی اداروں کی ایک بڑی تعداد مختلف ادبی سرگرمیوں، مشاعروں، افسانہ نشستوں، کتابوں کی رونمائی، اعزازی تقریبات اور ادبی مقابلوں کا اہتمام کرتی ہے۔ بظاہر یہ سرگرمیاں ادب کے فروغ کے لیے خوش آئند ہیں لیکن ان سرگرمیوں کے پس پردہ بعض ایسے رویے بھی دیکھنے کو ملتے ہیں جو سوالیہ نشان بن جاتے ہیں۔ کہیں پسند و ناپسند کی بنیاد پر قلم کاروں کو اہمیت دی جاتی ہے، کہیں ذاتی تعلقات کو ادبی قابلیت پر فوقیت حاصل ہوتی ہے، تو کہیں کسی مخصوص گروہ سے وابستگی رکھنے والے افراد ہی مسلسل پذیرائی کے مستحق ٹھہرتے ہیں۔
المیہ یہ ہے کہ بعض اداروں میں قلم کار کی تخلیقی صلاحیت سے زیادہ اس کی ذاتی وابستگی، خوشامد اور انتظامیہ سے قربت کو اہمیت دی جاتی ہے۔ جو شخص تعریف کے پل باندھتا ہے، ہر فیصلے پر واہ واہ کرتا ہے اور منتظمین کی ہاں میں ہاں ملاتا ہے، وہ ادارے کا پسندیدہ فرد بن جاتا ہے۔ اس کے برعکس جو قلم کار کسی فیصلے پر اختلاف کرے، اپنی رائے کا کھل کر اظہار کرے یا ادارے کی انتظامی کمزوریوں کی نشاندہی کرے تو اسے نظر انداز کرنے، اس کی تحریروں کو اہمیت نہ دینے یا اسے ادبی سرگرمیوں سے دور رکھنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ یہاں یہ بات ناقابل برداشت ہے کہ ایک قلم کار اگر آپ کو کسی غلط بات کی نشاندہی کرتا ہے تو انہی نام نہاد اداروں کے لیڈران آپ کو جواب دینے سے ناگزیر نظر آتے ہیں۔
یہ رویہ دیکھ کر مجھ جیسی حساس، نرم دل قلم کار کےدل و دماغ میں کئی سوالات جنم لینے لگتے ہیں۔
کیا اختلافِ رائے اتنا بڑا جرم ہے کہ اس کی سزا کسی قلم کار کی ادبی شناخت کو نظر انداز کرکے دی جائے؟ کیا ادبی اداروں میں سوال اٹھانے کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے؟ اگر ادب خود سوال کرنے، سوچنے اور معاشرتی رویوں کا احتساب کرنے کا نام ہے تو پھر (کچھ ) ادبی ادارے اپنے اندر تنقید اور اختلاف برداشت کرنے کا حوصلہ کیوں نہیں رکھتے؟
ایک اور تکلیف دہ پہلو ان قلم کاروں کے ساتھ روا رکھا جانے والا رویہ ہے جو کسی ادارے کے لیے وقت، صلاحیت اور توانائی صرف کرتے ہیں۔ وہ مقابلہ جات کی تیاری میں حصہ لیتے ہیں، تحریریں لکھتے ہیں، نئے لکھنے والوں کی رہنمائی کرتے ہیں اور ادارے کی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں لیکن جب انہیں عزت دینے، ان کی محنت تسلیم کرنے یا ان کے جائز مقام کا تعین کرنے کی باری آتی ہے تو انہیں خاموشی سے نظر انداز کر دیا جاتا ہے یا یوں کہہ لیں کہ دودھ میں سے مکھی کی طرح نکال دیا جاتا ہے۔ سب ادارے تو نہیں لیکن کچھ ادبی ادارے ایسے ہیں جو ڈبل پالیسی رکھتے ہیں یعنی کہ ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور نظر آتے ہیں۔
کبھی کسی قلم کار کو انعام کا اعلان کر کے عین وقت پر ٹال دیا جاتا ہے، کبھی اس کی تحریر یا خدمات کا اعتراف کیے بغیر دوسروں کو نمایاں کیا جاتا ہے، کبھی کسی تقریب میں اسے مناسب مقام نہیں دیا جاتا اور کبھی اس کے ساتھ ایسا لہجہ اختیار کیا جاتا ہے جیسے وہ کوئی غیر اہم شخص ہو۔ کبھی کبھی تو ان کے اصلاحی، معمولی سے پیغام پر ان کی تضحیک کی جاتی ہے اور پھر جب وہی قلم کار جواب مانگنے کی ہمت دکھاتا ہے تو انہیں مسلسل نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ یہ رویے بظاہر چھوٹے محسوس ہوتے ہیں مگر ایک حساس اور خوددار قلم کار کے لیے یہ معمولی باتیں نہیں ہوتیں کیونکہ اکثر قلم کار صرف اپنی تحریر کے لیے نہیں بلکہ اپنی عزتِ نفس کے لیے بھی حساس ہوتے ہیں۔
یہ بات بھی قابلِ غور ہے کہ کسی ادبی ادارے کی رکنیت یا وابستگی کسی قلم کار کی خودداری سے بڑھ کر نہیں ہو سکتی۔ ادارے قلم کاروں سے بنتے ہیں، قلم کار اداروں کے محتاج نہیں ہوتے۔ کسی ادارے کا نام اس وقت معتبر بنتا ہے جب اس سے وابستہ افراد اس کی علمی و ادبی شناخت میں اضافہ کریں۔ اگر ادارے اپنے ہی لکھنے والوں کو عزت نہ دے سکیں تو پھر ان کی ادبی خدمات کے دلدادہ بننے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ جاتے ہیں۔
یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ہمارے معاشرے میں پہلے ہی مطالعے کا رجحان کم ہو رہا ہے۔ کتاب سے دوری، سوشل میڈیا کی سطحی مقبولیت اور فوری شہرت کی خواہش نے سنجیدہ ادب کو کئی پیچیدگیوں سے دوچار کر رکھا ہے۔ ایسے حالات میں ادبی اداروں کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے کہ وہ نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کریں نہ کہ حوصلہ شکنی، ان کی اصلاح کریں نہ کہ الزام تراشی۔ ان کے لیے تربیتی نشستوں کا اہتمام کریں اور انہیں ایک ایسا ماحول فراہم کریں جہاں وہ بلا خوف اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کر سکیں۔ لیکن اگر یہی ادارے ان کے لیے احساسِ کمتری، گروہ بندی، بے جا روک ٹوک اور ذہنی کوفت کا سبب بن جائیں تو نئے لکھنے والے ادب سے بددل ہو سکتے ہیں۔ ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے۔
یہاں ایک فرق سمجھنا بھی ضروری ہے ادبی اداروں پر لازم نہیں کہ وہ ہر تحریر کو شاہکار قرار دیں لیکن انہیں تنقید کرتے ہوئے بھی تہذیب کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔ کسی تحریر کو مسترد کرنا ایک ادبی فیصلہ ہو سکتا ہے مگر کسی تخلیق کار کی تضحیک کرنا یا اسے کسی ایسی غلطی کی سزا دینا جو کہ اس نے کی بھی نہ ہو کسی صورت ادبی رویہ نہیں کہلا سکتا۔
ادبی اداروں کے منتظمین کو یہ بات ہمیشہ یاد رکھنی چاہیے کہ عہدے مستقل نہیں ہوتے۔ آج کوئی صدر ہے، کوئی سیکریٹری ہے، کوئی سرپرست ہے تو کل کوئی دوسرا اس منصب پر فائز ہو سکتا ہے لیکن انسان کا رویہ، اس کے الفاظ اور اس کا کردار لوگوں کے ذہنوں میں دیر تک محفوظ رہتا ہے۔ عہدہ کسی کو دوسروں کی عزتِ نفس مجروح کرنے کا اختیار نہیں دیتا بلکہ اس کے کندھوں پر زیادہ ذمہ داری عائد کرتا ہے۔ اپنے عہدے کا صحیح استعمال ہی ہماری پہچان ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ (کچھ مخصوص) ادبی ادارے اپنی ترجیحات کا ازسرِ نو جائزہ لیں۔ اداروں میں فیصلوں کے لیے واضح اصول وضع کیے جائیں، اختلافِ رائے کو برداشت کیا جائے، نئے اور پرانے قلم کاروں کے ساتھ یکساں احترام کا برتاؤ کیا جائے اور انتظامی عہدوں کو صرف ادبی خدمت کا ذریعہ بنایا جائے۔
آخر میں، میں یہ کہنا چاہوں گی کہ قلم کار کی سب سے بڑی دولت اس کا قلم، اس کی فکر اور اس کی خودداری ہے۔ اسے ہر جگہ پذیرائی نہیں چاہیے مگر جہاں وہ ادب کے نام پر قدم رکھے وہاں کم از کم عزت ضرور ملنی چاہیے۔ وہ کسی ادارے کے دروازے پر اپنی انا گروی رکھنے نہیں آتا بلکہ اپنے فن، اپنی سوچ اور اپنے لفظوں کے ساتھ ادب کی خدمت کرنے آتا ہے۔
ادبی اداروں کو یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ قلم کاروں کی عزت کر کے ہی ادب کی عزت کی جا سکتی ہے۔ جو ادارے اپنے لکھنے والوں کی بے جا تضحیک کرتے ہیں، وہ دراصل اپنے ہی مقصد کی نفی کرتے ہیں۔ کیونکہ ادب کا پہلا سبق ہی انسان کی توقیر، اختلاف کا احترام اور تہذیبِ گفتگو ہے۔
یاد رکھیے! قلم کار کو خاموش تو کیا جا سکتا ہے مگر اس کی خودداری کو خریدنا ممکن نہیں۔ ادارے نام سے نہیں، کردار سے معتبر بنتے ہیں اور ادب کی خدمت کا دعویٰ کرنے والوں کو سب سے پہلے اپنے رویوں میں ادب پیدا کرنا ہوگا اور اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھنا ہوگا اور خود سے سوال کرنا ہوگا کہ ہم کہاں پر غلط تھے؟ ہم سے کہاں پر غلطی ہوئی؟ کہیں ہمارے الفاظ کسی کی دل آزاری کا سبب تو نہیں بن رہے۔۔۔۔!!
اللّہ پاک (کچھ) ادبی اداروں کے تمام عہدے داران کو سوچنے، سمجھنے کی صلاحیت عطا کرے اور انہیں صحیح، غلط میں فرق رکھنے کی صلاحیت عطا فرمائے۔ آمین۔۔۔




