Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

مرد پنک سکوٹیز چلائیں گے تو ضبط کر لی جائیں گی،شرجیل میمن

sharjeel
مصنف:

میرپورخاص: سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ہماری بہادر افواج نے بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے بھارت کو عبرتناک شکست دی۔

میرپورخاص میں مفت پنک اسکوٹیز کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پورے پاکستان کی خواتین کے لیے ہے، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے خواتین کو خود مختار بنانے کا تصور پیش کیا،انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے پنک اسکوٹی کا اقدام بلاول بھٹو زرداری نے شروع کرایا، یہ انقلابی اقدامات ہیں اور میرپورخاص میں مفت اسکوٹیز کی تقسیم خواتین کی ترقی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ وہ حلفاً کہتے ہیں کہ خواتین کو مفت اسکوٹیز میرٹ پر فراہم کی گئی ہیں۔ اب تک 50 ہزار خواتین ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دے چکی ہیں، خواہش ہے کہ لائسنس ملنے کے بعد ان تمام 50 ہزار خواتین کو اسکوٹیز فراہم کی جائیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں خواتین کے شناختی کارڈ بنوانے کا تصور بھی نہیں تھا، پیپلز پارٹی نے خواتین کو خود مختار بنانے کے لیے سب سے زیادہ کام کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے لیے پنک ٹیکسی سروس بھی جلد شروع کی جائے گی۔ پنک اسکوٹیز کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے اسٹریٹ چیکنگ کی جائے گی اور اگر کوئی مرد پنک اسکوٹی چلاتا نظر آیا تو اسکوٹی ضبط کرلی جائے گی۔شرجیل میمن نے کہا کہ خواتین کو پنک اسکوٹیز فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا، سندھ واحد صوبہ ہے جو خواتین کو مفت الیکٹرک اسکوٹیز فراہم کر رہا ہے۔