19 نومبر مردوں کا (خاموش) عالمی دن ،تحریر:ندیم یعقوب گوہر
نقطہ نظر
ہم جیسے بے چارے مردوں کی بدقسمتی دیکھئے کہ جس دن ہمارے نام کا عالمی دن آتا ہے، اس دن بھی ہمیں سکون کا سانس لینے کی فرصت نہیں ملتی، اور جب اگلے دن آنکھ کھلتی ہے تو پتا چلتا ہے کہ بھئی کل تو مردوں کا عالمی دن تھا، گزر گیا، اور آج بیس تاریخ ہے، یعنی معمول کا وہی پرانا دن جس میں صبح اٹھتے ہی سب سے پہلا سوال یہی ہوتا ہے کہ دودھ، ڈبل روٹی اور سبزی کا بندوبست ہوا کہ نہیں۔ کل انیس نومبر کو جب دنیا بھر میں مردوں کا عالمی دن منایا جا رہا تھا تو ہم نے بھی سوچا کہ آج ضرور کوئی خاص بات ہوگی۔ شاید گھر میں کوئی گل دستہ آئے گا، شاید کوئی کہے گا کہ بھئی واہ، آج آپ کا دن ہے، لاؤ جوتے اتار دیں، چائے بنا دیں، یا کم از کم ریموٹ کنٹرول ہی ہمارے حوالے کر دیا جائے۔ مگر صاحب، یہ محض ایک خوش فہمی تھی جو ناشتے کی میز تک پہنچتے پہنچتے دھوئیں کی طرح اڑ گئی۔ صبح آنکھ کھلی تو پتا چلا کہ بجلی جا چکی ہے، پانی کی موٹر چلانے والا کوئی نہیں، اور باہر گلی میں کباڑیے کی آواز گونج رہی ہے جس سے پورا محلہ بیدار ہو چکا ہے۔
کل کے اس تاریخی دن پر ہمارے دل میں ایک ہلکی سی امید جاگی تھی کہ شاید سوشل میڈیا پر ہی کوئی طویل اور جذباتی پوسٹ نظر آ جائے گی جس میں لکھا ہو گا کہ مرد بھی انسان ہیں، ان کا بھی دل دھڑکتا ہے، اور وہ بھی کبھی کبھار تھک جاتے ہیں۔ لیکن جیسے ہی موبائل کی اسکرین روشن ہوئی تو ہر طرف وہی پرانے مناظر تھے۔ کہیں برگر کی تصویر تھی، کہیں شادی بیاہ کی ڈانس ویڈیو تھی، اور کہیں کسی صاحب نے پورا لیکچر جھاڑ رکھا تھا کہ معاشرے میں تبدیلی کیسے لائی جائے۔ مردوں کے عالمی دن کا ذکر دور دور تک یوں غائب تھا جیسے مہنگائی کے دور میں تنخواہ کا آخری حصہ۔ ہم نے خود ہی دل کو تسلی دی کہ چلو کوئی بات نہیں، شاید شام کو کوئی دوست فون کر کے مبارکباد دے دے گا، یا کم از کم اتنا ہی پوچھ لے گا کہ یار کیسا گزر رہا ہے تمہارا عالمی دن؟ مگر شام ڈھل گئی، رات اتر آئی، اور فون کی گھنٹی بجی بھی تو اس لیے کہ بھئی بازار سے آتے ہوئے دہی لیتے آنا، ورنہ کھانا ادھورا رہ جائے گا۔
اصل میں ہمارے معاشرے میں مرد کا حال اس پرانے بٹن جیسا ہے جو ہر قمیض پر لگا ہوتا ہے، نظر کم آتا ہے، لیکن جب ٹوٹ جائے تو پورا لباس ادھورا لگتا ہے۔ ہم سے توقع یہ رکھی جاتی ہے کہ ہم لوہے کی طرح مضبوط ہوں، برف کی طرح ٹھنڈے رہیں، بینک بیلنس کی طرح مستحکم ہوں اور وائی فائی سگنل کی طرح ہمہ وقت دستیاب رہیں۔ اگر ہم تھوڑا سا اداس ہو جائیں تو فوراً آواز آتی ہے کہ بھئی کیا ہو گیا، اتنے بڑے ہو کر بچوں کی طرح منہ لٹکائے بیٹھے ہو۔ اگر ہم کہہ دیں کہ آج طبیعت کچھ بوجھل سی ہے تو جواب ملتا ہے کہ چلو چلو، یہ نخرے بعد میں کر لینا، پہلے بجلی کا بل جمع کروا کے آؤ۔ یوں لگتا ہے جیسے مرد کے دکھ کا کوئی سرکاری فارم ہی موجود نہیں ہے، اور اگر کوئی بھرنے کی کوشش بھی کرے تو کاؤنٹر والا کہتا ہے کہ یہ کھڑکی صرف شکایات درج کرنے کے لیے ہے، جذبات کے اندراج کے لیے نہیں۔
آج بیس تاریخ ہے اور کل کا دن گزر چکا ہے، مگر مزے کی بات یہ ہے کہ کل بھی مردوں کے مسائل وہی تھے اور آج بھی وہی ہیں۔ کل بھی بلوں کی پرچیاں میز پر پڑی تھیں اور آج بھی وہیں مسکرا رہی ہیں۔ کل بھی یہ فکر تھی کہ مہینے کے آخر میں جیب کا وزن کیسے برقرار رکھا جائے، اور آج بھی وہی حساب کتاب چل رہا ہے کہ دس روپے یہاں بچیں تو پانچ روپے وہاں خرچ ہو جائیں۔ مرد کا عالمی دن ایک دن کے لیے آتا ہے، ایک ہلکی سی ہوا کے جھونکے کی طرح گزرتا ہے، اور پھر اگلے تین سو چونسٹھ دن ہم دوبارہ اسی روزمرہ کے پہیے میں جت جاتے ہیں جس کے ایک سرے پر ذمہ داری ہے اور دوسرے سرے پر توقعات۔
ہمیں کسی بڑے جلوس یا شاندار تقریب کی خواہش بھی نہیں ہے، بس اتنی سی تمنا ضرور ہے کہ کبھی کبھار کوئی یہ پوچھ لے کہ بھائی، تم کیسے ہو؟ کیا تمہیں بھی نیند پوری نہ ہونے سے سر درد ہوتا ہے؟ کیا تمہیں بھی کبھی دل کرتا ہے کہ کوئی کام نہ کرو، بس آرام سے بیٹھے رہو اور کوئی نہ کہے کہ فلاں کام رہ گیا ہے؟ مگر یہ تمنا بھی اکثر ایسی ہی لگتی ہے جیسے کسی غریب کے خواب میں سونے کا محل بن جائے اور صبح ہوتے ہی مکان مالک کرایہ مانگنے آ جائے۔
بہر حال، کل مردوں کا عالمی دن تھا اور آج بیس تاریخ ہے، اور اس سارے قصے کا سب سے دلچسپ پہلو یہ ہے کہ ہمیں اس بات پر بھی کوئی خاص شکایت نہیں ہے، کیونکہ ہم تو وہ لوگ ہیں جو مسکرا کر ہر بوجھ اٹھا لینے کے عادی ہو چکے ہیں۔ اگر کل کسی نے مبارکباد نہیں دی تو کوئی گلہ نہیں، اور اگر آج کسی نے کام کہہ دیا تو فوراً حاضر ہیں۔ آخرکار، دنیا کو چلانے کے لیے کسی نہ کسی کو تو یہ ذمہ داری نبھانی ہی ہوتی ہے، اور جب تک یہ سلسلہ چل رہا ہے، ہم جیسے مرد بیس تاریخ کو بھی اتنی ہی سنجیدگی اور مزاح کے ساتھ گزار لیں گے جتنی انیس تاریخ کو گزاری تھی، بس دعا یہی ہے کہ اکیس تاریخ کو کم از کم چائے ٹھنڈی نہ ملے۔
مزید پڑھیں





