مولانا فضل الرحمان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا نہیں کررہے، سلمان اکرم راجا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے مولانا فضل الرحمان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا نہیں کررہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہر ایک سے گفتگو کرتے ہیں اس میں کوئی برائی نہیں۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے ممبران کے ووٹ سے سہیل آفریدی منتخب ہوئے ہیں، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف درخواست مضحکہ خیز ہے، یہ کہنا کہ ان ارکان اسمبلی کے ووٹ کی وقعت نہیں یہ بات شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بانی پی ٹی آئی کے نام پر ووٹ لے کر منتخب ہوا ایسے شخص کی یہ بات کرنا ہماری سیاسی تاریخ کا سیاہ لمحہ ہے، شیر افضل مروت سے متعلق بانی پی ٹی آئی کا واضح حکم ہے، شیر افضل مروت کو پارٹی سے الگ کردیا گیا نوٹیفکیشن بھی ہوچکا ہے۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ تحریک انصاف کے ایم این ایز کو آزاد تصور کیا جاتا ہے تو اس لیے یہ لوگ برقرار رہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو سیاسی منظر سے نہیں ہٹایا جاسکتا، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوجائے تو ملکی مفاد کے بڑے فیصلہ ہوسکتے ہیں، ضروری ہے کہ اس سیاسی مکالمے میں بانی پی ٹی آئی کو شامل کیا جائے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ لانگ مارچ سیاسی عمل ہے، ہمارا قانونی آئینی حق ہے کیوں دستبردار ہوں، کوئی ہم سے بات کرنا چاہتا ہے تو لانگ مارچ اس کی راہ میں رکاوٹ نہیں، کے پی کے آئینی حقوق پر یلغار ہے وزیراعلیٰ ان حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں۔





