ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ کا انعقاد، ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد امیدوار شریک

ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ 2026 کا ٹیسٹ منعقد ہوا، جس کے لیے مجموعی طور پر ایک لاکھ 38 ہزار 158 امیدوار رجسٹرڈ تھے۔ امتحان صبح 10 بجے شروع ہوا اور تین گھنٹے بعد مقررہ وقت پر اختتام پذیر ہوگیا۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق امتحان کے لیے ملک کے 34 شہروں اور سعودی عرب کے شہر ریاض میں امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے۔ پنجاب میں 49 ہزار 199، خیبرپختونخوا میں 38 ہزار 841، سندھ میں 34 ہزار 233، بلوچستان میں 9 ہزار 923، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 761، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 721، اسلام آباد میں ایک ہزار 245 جبکہ ریاض میں 237 امیدوار امتحان کے اہل قرار پائے تھے۔
ایم ڈی کیٹ کے لیے 8 ہزار سوالات پر مشتمل سوالیہ بینک تیار کیا گیا تھا، ہر صوبے کے لیے الگ پرچہ ترتیب دیا گیا جبکہ کم از کم دو اضافی پرچے بھی تیار کیے گئے۔ ہر پرچے میں 180 سوالات شامل تھے۔
امتحان کے دوران امیدواروں کو وقت ختم ہونے سے پہلے امتحانی مرکز چھوڑنے کی اجازت نہیں تھی، جبکہ موبائل فون سمیت کسی بھی ڈیجیٹل ڈیوائس کو مرکز میں لانے پر پابندی عائد تھی۔ امتحان کے بعد سوالیہ پرچہ امیدوار اپنے ساتھ نہیں لے جا سکتے تھے اور اسے نگران عملے کے حوالے کرنا لازمی تھا، بصورت دیگر نتیجہ منسوخ تصور کیا جاتا۔
ایم ڈی کیٹ 2026 میں جیوینائل کارڈ کی لازمی شرط ختم کردی گئی تھی۔ جیوینائل کارڈ نہ رکھنے والے امیدوار بھی امتحان دے سکتے تھے، تاہم شناخت کے لیے امتحانی مرکز میں اصل مارک شیٹ کی جانچ کی گئی۔
مزید پڑھیں





