Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

محنت کی رفتار بڑھانی پڑتی ہے،تحریر: اظہر حسین بھٹی

نقطہ نظر

مجھے عادت ہے کہ میں جہاں بےحد پڑھنے کی کوشش کرتا ہوں وہیں بڑے بڑے نامور لوگوں کے انٹرویوز بھی ضرور سُنتا ہوں۔ میں انوپم کھیر جو کہ ایک انڈین اداکار ہیں اُن کے شو میں آئے کنگ خان کا انٹرویو دیکھ رہا تھا۔ انوہم کھیر یعنی میزبان اپنے شو میں آئے مہمان شاہ رُخ خان سے پوچھتے ہیں کہ آپ اِتنے مشہور کیسے ہیں؟


شاہ رخ خان جواب دیتا ہے کہ میں محنت بہت کرتا ہوں تو انوپم کھیر پھر سے سوال کرتا ہے کہ کیسی محنت شاہ رُخ؟ محنت تو سب ہی کرتے ہیں،؟ تو شاہ رخ خان کہتا ہے کہ موقع پانے کے لیے تو سب ہی محنت کرتے ہیں ،مگر موقع حاصل کر لینے کے بعد میری جتنی محنت کوئی نہیں کر سکتا۔ اور یہی وہ چیز ہے جو شاہ رُخ خان کو باقی اداکاروں سے ممتاز کرتی ہے۔ اُسے کنگ خان بناتی ہے۔


انوپم جی ایک اور سوال پوچھتے ہیں کہ آپ نے ممبئی آ کر کہا تھا کہ میں یہاں کا سب سے بڑا آدمی بنوں گا، اداکار بنوں گا تو پھر ایسا کب آپ کو لگا کہ آپ نے وہ مقام پا لیا ہے تو شاہ رخ کا جواب یہاں بھی سنہری حروف میں لکھے جانے کے قابل ہے۔ وہ کہتا ہے کہ میرے خیال میں مقام تک پہنچ جانے سے آپ رُک جاتے ہیں۔ جو مقام تک پہنچ جاتا ہے وہ مر جاتا ہے۔ سچ پوچھیں تو مجھے لگتا ہے کہ میں نے کوئی مقام حاصل نہیں کیا۔ میں کامیاب نہیں ہوا۔


شاہ رخ خان کا یہ انٹرویو کئی کتابوں پر بھاری ہے۔ پوری لائبریری کی طرح ہے۔ چالیس سال جتنے بڑے سبق اس چالیس منٹ کے پروگرام میں شاہ رخ خان نے مفت میں بتا دیے ہیں۔ اور یہ سچ ہے کہ ہمارے ہاں صرف موقع پانے تک کی ہی جدوجہد کی جاتی ہے اور موقع حاصل کرنے کے بعد سمجھتے ہیں کہ بس کام ہو گیا ہے جبکہ اصل محنت شروع ہی موقع ملنے کے ہوتی ہے کیونکہ موقع پا لینے کے بعد کی جانے والی محنت ہی یہ فیصلہ کرتی ہے کہ آیا آپ اُس موقع کے قابل ہیں یا نہیں؟


کامیاب ہونا اہم نہیں ہوتا،۔کامیابی کو قائم کیے رکھنا اہم ہوتا ہے اور مسلسل کامیاب رہنا آپ کی محنت اور تگ و دو پر منحصر کرت ہے۔ ہمارے آس پاس ایسے کئی واقعات روزانہ کی بنیاد پر سننے کو مل جاتے ہیں کہ فلاں شخص تو بڑا کامیاب تھا، اب رہ گیا ہے۔ سب کچھ کھو بیٹھا ہے۔ یا فلاں شخص کو کتنا بڑا موقع ملا تھا آگے جانے کا، کامیاب ہونے کا مگر وہ اُس موقع سے بھرپور فائدہ نہیں اُٹھا پایا۔ ایسا تب ہی ہوتا ہے جب آپ موقع ملنے کے بعد ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھ جاتے ہیں۔


کامیابی کے کئی اصولوں میں سے ایک اصول محنت کا ہے جو کسی بھی مقام پر جا کے چھوڑا نہیں جا سکتا کیونکہ جہاں آپ نے محنت کو الوداع کہا، کامیابی آپ کو خدا حافظ کہہ کر چلی جائے گی تو بس محنت کرتے رہیں اور کسی ایک کامیابی پر اکتفاء نہ کریں، یہ مت سوچیں کہ سب کچھ حاصل کر لیا ہے۔ کیونکہ بقول شاہ رخ خان کسی مقام پر پہنچ جانے کی سوچ آپ کو مار دیتی ہے۔ اِسی لیے خوب محنت کرتے جائیں اور کامیابیاں سمیٹتے جائیں۔