مہنگائی کا رونا، اپنی فضول خرچیوں کا حساب نا کرنا،تحریر:غنی محمود قصوری
نقطہ نظر
آج جہاں مہنگائی نے ہمارا جینا حرام کر رکھا ہے وہاں یہ حقیقت بھی نظرانداز نہیں کی جا سکتی کہ ہم نے خود بھی اپنی زندگیوں کو بہت زیادہ دشوار بنا رکھا ہے ہماری بعض عادتیں غیر ضروری اخراجات اور ناقص مالی ترجیحات ہمیں ایسی دلدل میں دھکیل رہی ہیں جہاں سے نکلنا مشکل ہوتا جا رہا ہے
یقیناً مہنگائی ایک بڑا مسئلہ ہے
اشیائے خورونوش، بجلی، گیس، تعلیم اور علاج کے اخراجات نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے لیکن کیا ہم نے کبھی اپنے روزمرہ کے اخراجات کا بھی جائزہ لیا ہے؟
کیا ہم نے کبھی سوچا ہے کہ جن پیسوں کو ہم اپنی صحت اور گھر والوں کی بہتری پر خرچ کر سکتے ہیں وہ کہاں ضائع کر رہے ہیں؟
مثال کے طور پر سگریٹ نوشی کرنے والوں کو ہی دیکھ لیجئے ایک عام سگریٹ پینے والا شخص کم از کم روزانہ 100 سے 200 روپیہ کے سگریٹ پی جاتا ہے
اور یقین کریں یہ میں انتہائی کم اندازہ بتا رہا ہوں ورنہ ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو روزانہ 400 سے 500 روپیہ کی سگریٹ نوشی کرتے ہیں
اسی طرح پان کھانے والوں کو دیکھیں میرے علم میں سب سے کم قیمت کا پان 50 روپیہ کا ہے اور ایک عام پان کھانے والا روزانہ کم از کم 4 پان کھا لیتا ہے
دوسری طرف پتی والے پان بھی ہیں جن کی قیمت 70 سے 100 روپیہ تک ہے
ایسے افراد روزانہ 5 سے 6 پان کھا لیتے ہیں
نسوار استعمال کرنے والوں کا خرچہ بھی اپنی جگہ موجود ہے
اب ذرا سوچئے یہ رقم کہاں جا رہی ہے؟
اپنی صحت خراب کرنے کے لیے ہم روزانہ سینکڑوں روپیہ خرچ کرنے کو تیار ہیں لیکن جب گھر میں دودھ، پھل، انڈے یا خشک میوہ جات لانے کی بات آتی ہے تو مہنگائی کا رونا شروع ہو جاتا ہے
اگر ایک شخص روزانہ 200 روپیہ کے سگریٹ چھوڑ دے تو ماہانہ تقریباً 6,000 روپیہ بچا سکتا ہے
یہی رقم وہ اپنی اور اپنے بچوں کی خوراک پر خرچ کر سکتا ہے
مثال کے طور پر روزانہ 11 بادام کھانے کی عادت بنائی جائے تو ایک ماہ میں 330 بادام بنتے ہیں جو تقریباً آدھا کلو کے قریب ہوتے ہیں
وہی شخص دودھ پی سکتا ہے انڈا کھا سکتا ہے۔موسمی پھل خرید سکتا ہے اور اپنے بچوں کو بھی بہتر غذا دے سکتا ہے
ذرا تصور کریں کہ اگر کوئی شخص روزانہ سگریٹ کے 200 روپیہ خرچ کرنے کے بجائے ایک انڈا، چند بادام اور کوئی موسمی پھل خریدنے کی کوشش کرے تو اس کی غذائی ضروریات میں کتنا فرق آ سکتا ہے سگریٹ، پان اور نسوار چھوڑنے سے صرف پیسوں کی بچت نہیں ہوگی بلکہ صحت کو پہنچنے والے نقصانات سے بچنے کا موقع بھی ملے گا
مستقبل میں بیماریوں کے علاج پر ہونے والے اخراجات کم کرنے میں بھی مدد ملے گی
یہاں ایک اور اہم بات بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ صحت اور سیاحت صرف امیر لوگوں کا حق نہیں ضروری نہیں کہ صحت مند رہنے یا ذہنی سکون حاصل کرنے کے لئے آپ کے پاس لاکھوں روپیہ ہو
اگر انسان اپنی آمدن کے مطابق منصوبہ بندی کرے اور فضول خرچیوں پر قابو پا لے تو معمولی بچت سے بھی اپنے لیے بہتر مواقع پیدا کر سکتا ہے
مثال کے طور پر لاہور سے مری جانے کے لیے ٹرین کے ذریعے آنے جانے کا کرایہ تقریباً 4,000 روپیہ کے آس پاس بنتا ہے اگر کوئی شخص اپنی باقی ضروریات کا مناسب انتظام کرے اور غیر ضروری اخراجات سے بچے تو محدود بجٹ میں بھی 2 سے 3 دن کی سیر کا منصوبہ بنا سکتا ہے
مری ہی کیوں، پاکستان میں بہت سے ایسے مقامات بھی موجود ہیں جہاں عام آدمی مناسب منصوبہ بندی کے ساتھ جا سکتا ہے
لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ہم اپنی ترجیحات درست نہیں کرتے جہاں بچت کرنی چاہیے وہاں خرچ کرتے ہیں اور جہاں اپنی صحت، بچوں کی تعلیم، خوراک اور مستقبل کے لیے رقم محفوظ کرنی چاہیے وہاں ہاتھ تنگ کر لیتے ہیں
اب ذرا ہمارے تہواروں اور تقریبات کو دیکھیں تو سالگرہ منانا آج کل عام ہوتا جا رہا ہے
ہر گھر میں کسی نہ کسی کی سالگرہ آتی ہے اور اس موقع پر کیک، سجاوٹ، مہنگے کپڑوں، دعوتوں اور دیگر چیزوں پر بے دریغ پیسہ خرچ کیا جاتا ہے خوشی منانے میں کوئی برائی نہیں لیکن کیا خوشی کا مطلب لازماً بھاری اخراجات اور دکھاوا ہے؟
اسی طرح حالیہ بسنت کے موقع پر بھی پوری دنیا نے دیکھا کہ پاکستانیوں نے کس قدر پیسہ خرچ کیا
کیا یہ سب لوگ امیر تھے؟ ہرگز نہیں بلکہ ہمارے متوسط طبقے اور کم آمدن والے گھرانوں کے افراد بھی اس ریس میں کسی سے پیچھے نہیں رہے
سوال یہ ہے کہ جب یہی لوگ مہنگائی کی شکایت کرتے ہیں تو پھر ایسی تقریبات پر اپنی استطاعت سے بڑھ کر خرچ کیوں کرتے ہیں؟
میں نے ذاتی طور پر اس سال 14 اگست کے موقع پر دیکھا کہ متوسط طبقے کے بچوں کے لئے بھی الگ الگ قومی رنگوں اور جھنڈے والے کپڑے خریدے گئے بچوں نے وہ کپڑے پہنے، خوشیاں منائیں لیکن اکثر جگہوں پر یہ کپڑے ایک ہی دن کے استعمال کے بعد ضائع کر دیے گئے
میرا سوال ہے کہ اگر آپ نے بچوں کے لیے یہ کپڑے خرید ہی لئے تھے تو انہیں سنبھال کر کیوں نہیں رکھا جا سکتا تھا؟
اگلے سال بھی پہنے جا سکتے تھے بلکہ کئی سال تک استعمال ہو سکتے تھے لیکن نہیں ہماری ترجیح استعمال کے بعد چیز کو محفوظ رکھنا نہیں بلکہ ہر موقع پر نئی چیز خریدنا بن چکی ہے
14 اگست کا دن ہمیں آزادی، ایثار، قربانی اور اپنے بزرگوں کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے یہ دن عیاشی اور دکھاوے کا پیغام نہیں دیتا
اسی طرح قومی جھنڈیاں خرید کر گلیوں، سڑکوں اور زمین پر پھینک دینا بھی کون سا حب الوطنی کا مظاہرہ ہے؟
جھنڈیاں لگانے کے بعد انہیں بے احتیاطی سے زمین پر گرا دینا اور پاؤں تلے روندے جانے دینا قومی پرچم کی عزت و احترام کے تقاضوں کے خلاف ہے
ہمارے مذہبی تہوار بھی اس معاملے میں استثنیٰ نہیں رکھتے خوشی کے ان مواقع پر بھی ہم بعض اوقات اپنی حیثیت سے بڑھ کر اخراجات کرتے ہیں
مہنگے لباس، غیر ضروری خریداری، کھانوں کی کثرت اور دکھاوے کی دوڑ میں اتنا آگے نکل جاتے ہیں کہ تہوار گزرنے کے بعد گھر کا بجٹ مذید مشکلات کا شکار ہو جاتا ہے
اسلام ہمیں خوشی منانے سے نہیں روکتا لیکن اسراف اور فضول خرچی سے ضرور منع کرتا ہے
اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں فرماتا ہے
وَلَا تُبَذِّرْ تَبْذِيرًا
اور فضول خرچی نہ کرو
یہ صرف ایک مذہبی نصیحت نہیں بلکہ ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگی کے لیے ایک اہم اصول بھی ہے
ہمیں یہ بات سمجھنا ہوگی کہ مہنگائی کے خلاف آواز اٹھانا ہمارا حق ہے
حکومت سے سستی اشیائے خورونوش، بہتر روزگار، معیاری تعلیم، صحت اور بنیادی سہولتوں کا مطالبہ بھی ضروری ہے لیکن اس کے ساتھ ہمیں اپنی ذات کا محاسبہ بھی کرنا ہو گا
ہم ہر مسئلے کا ذمہ دار صرف حکومت حالات اور مہنگائی کو قرار دے کر اپنی ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہو سکتے
اگر ہماری آمدن محدود ہے تو ہمیں اپنے اخراجات بھی اسی کے مطابق رکھنے ہوں گے
سگریٹ، پان، نسوار، غیر ضروری تقریبات، دکھاوے اور فضول خریداری پر خرچ ہونے والی رقم کو اگر ہم اپنی صحت، بچوں کی غذا، تعلیم اور مستقبل کے لئے استعمال کریں تو بہت سی مشکلات کم ہو سکتی ہیں
آخر میں میرا سوال یہ ہے کہ ہم مہنگائی کا رونا تو روتے ہیں لیکن کیا کبھی اپنی فضول خرچیوں کا حساب بھی کرتے ہیں؟





