میٹا، ٹک ٹاک اور ایکس کو مواد کی نگرانی بارے معلومات فراہم کرنے کے معاملے پر قانونی شکست

لندن: میٹا، ٹک ٹاک اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس برطانیہ کے ریگولیٹری ادارے آفکام (Ofcom) کے خلاف قانونی جنگ ہار گئے، ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا کمپنیوں کی جانب سے معلومات کی فراہمی سے متعلق نوٹسز منسوخ کرنے کی درخواست مسترد کردی۔
برطانوی خبر رساں ادارے اسکائی نیوز کے مطابق آفکام نے رواں سال فروری میں تینوں ٹیکنالوجی کمپنیوں کو باضابطہ نوٹس جاری کیے تھے، جن میں سوشل میڈیا پر مواد کی نگرانی اور اس کے خلاف کارروائی سے متعلق تفصیلی اعدادوشمار فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ان معلومات میں یہ تفصیلات بھی شامل تھیں کہ کتنی پوسٹس حذف کی گئیں، کتنے مواد کی رسائی محدود کی گئی اور کتنے صارفین کو نقصان دہ مواد کا سامنا کرنا پڑا۔میٹا، ٹک ٹاک اور ایکس نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ آفکام کے مطالبات غیر معمولی انتظامی اور مالی بوجھ کا باعث بنیں گے اور یہ قانونی اختیارات سے تجاوز کے مترادف ہیں۔ تاہم لندن ہائی کورٹ کے جج لارڈ جسٹس سنگھ اور جسٹس کولنز رائس نے آفکام کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے معلوماتی نوٹسز ختم کرنے سے انکار کردیا۔
سماعت کے دوران کمپنیوں کے وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ مطلوبہ ڈیٹا اکٹھا کرنے پر لاکھوں پاؤنڈ خرچ ہوں گے اور اس عمل میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔ ٹک ٹاک کی وکیل وکٹوریہ ویکفیلڈ کے مطابق کمپنی کو تین سال کے دوران مواد کی نگرانی کے نظام سے متعلق وسیع پیمانے پر مقداری اعدادوشمار فراہم کرنے ہوں گے۔
ایکس کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ مطلوبہ معلومات کے لیے بڑے ڈیٹا سیٹس پر پیچیدہ تجزیاتی کارروائیاں کرنا پڑیں گی، جبکہ میٹا کے وکیل نے آفکام کے مطالبات کو غیر متناسب قرار دیا۔
تاہم عدالت نے قرار دیا کہ سوشل میڈیا کمپنیوں نے یہ ثابت کرنے کے لیے کافی وضاحت فراہم نہیں کی کہ معلوماتی نوٹسز ناقابل برداشت بوجھ کا باعث ہیں، جبکہ انہیں غیر معقول قرار دینے کا مؤقف بھی مسترد کردیا گیا۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں 2023 کے آن لائن سیفٹی ایکٹ کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے صارفین، بالخصوص بچوں کو نقصان دہ اور غیر قانونی مواد سے محفوظ رکھنے کے سخت ضوابط متعارف کرائے گئے ہیں۔ ان قوانین پر عمل درآمد کی نگرانی آفکام کے ذمے ہے، جسے سنگین خلاف ورزیوں کی صورت میں کمپنیوں کے عالمی سالانہ کاروبار کے 10 فیصد تک جرمانہ عائد کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
دوسری جانب برطانیہ کے مسابقتی نگران ادارے نے بھی میٹا کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس میں یہ جائزہ لیا جائے گا کہ آیا کمپنی اپنی مصنوعی ذہانت (AI) سمیت دیگر سروسز کی تیاری کے لیے پبلشرز اور اشتہاری اداروں کے مواد کے استعمال پر استحصالی شرائط عائد کر رہی ہے۔ میٹا نے تحقیقات کے لیے کسی ٹھوس بنیاد کی موجودگی سے انکار کیا ہے۔
مزید پڑھیں





