بدھ، 4 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کالام کشتی حادثہ، لاپتا سیاح بشریٰ سموئی کی لاش 4 ماہ بعد برآمد


سوات کے نواحی علاقے کالام کی جھیل سیف اللہ میں لاپتا ہونے والی سیاح بشریٰ سموئی کی لاش تقریباً 4 ماہ بعد مہوڈنڈ کے علاقے سے برآمد کرلی گئی، جس کی شناخت بھی ہوگئی ہے۔

سوات پولیس کے مطابق آج مہوڈنڈ کے علاقے سے ایک لاش برآمد ہوئی، جس کی شناخت بعدازاں جولائی میں جھیل سیف اللہ کے کشتی حادثے میں لاپتا ہونے والی سیاح بشریٰ سموئی کے نام سے ہوئی۔ لاش کو قانونی اور طبی ضوابط کی تکمیل کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بشریٰ سموئی کی تلاش کے لیے کالام اور مہوڈنڈ کے مقامی نوجوانوں اور کاروباری افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت کوششیں جاری رکھی ہوئی تھیں، جن کی کارروائی کے دوران دریائے سوات سے لاش برآمد کرکے ریسکیو 1122 کے حوالے کی گئی۔

واضح رہے کہ جولائی 2026 میں کالام کی جھیل سیف اللہ میں پیش آنے والے کشتی حادثے میں بشریٰ سموئی کے خاندان کے دیگر افراد بھی جاں بحق ہوگئے تھے، جبکہ وہ حادثے کے بعد سے لاپتا تھیں۔

بشریٰ سموئی حال ہی میں امریکا سے تعلیم مکمل کرکے پاکستان واپس آئی تھیں۔ تقریباً 4 ماہ تک جاری رہنے والی تلاش کے بعد ان کی لاش ملنے سے ایک طویل انتظار تو ختم ہوگیا، تاہم اس سے ایک بار پھر اہلخانہ کے دکھ تازہ ہوگئے۔