مفتی محمود کانفرنس سیاسی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگی، مولانا امجد خان

لاہور: مفتی محمود کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں جمعیت علمائے اسلام کے قائدین کے پنجاب بھر میں دورے جاری ہیں، جبکہ جے یو آئی پنجاب کی جانب سے اضلاع اور تحصیلوں کی سطح پر عوامی رابطہ مہم بھی زور و شور سے جاری ہے۔ مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر مولانا امجد خان، سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احمد احرار، نائب امیر مولانا جمال عبدالناصر اور صوبائی ترجمان حافظ غضنفر عزیز نے کہا ہے کہ مفتی محمود کانفرنس سیاسی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔
مولانا امجد خان نے کہا کہ جے یو آئی مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے خلاف عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ آج پاکستان مسائلستان بن چکا ہے جسے جے یو آئی ہی منزل تک پہنچا سکتی ہے۔
حافظ نصیر احمد احرار نے کہا کہ جے یو آئی کے کارکن عوام کی طاقت سے سرداروں اور نوابوں کا مقابلہ کریں، جبکہ جے یو آئی کی سیاسی قوت سے اشرافیہ اور جاگیردار خائف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی مولانا مفتی محمود نے جنوبی پنجاب کے جاگیرداروں کو انتخابی میدان میں شکست دی تھی اور آج بھی جاگیرداروں کو شکست دیں گے۔
جے یو آئی پنجاب کے نائب امیر مولانا جمال عبدالناصر نے کہا کہ جے یو آئی ہی عوامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ پنجاب کے عوام پر دن بدن ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے جس سے ان کی زندگی اجیرن بن رہی ہے۔
صوبائی ترجمان حافظ غضنفر عزیز نے کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ معاشی دہشت گردی ہے۔ حکمران اشرافیہ اپنے اللوں تللوں کے لیے عوام کی معیشت کا گلا گھونٹ رہی ہے۔





