جمعرات، 12 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

میرا تعارف،انمول اعوان

نقطہ نظر

جب اخبارات میں شائع ہونے والی کہانیاں اور تحریریں پڑھتی تھی، تو دل میں یہ خواہش پیدا ہوتی تھی کہ کبھی میری تحریریں بھی اخبارات میں شائع ہوں۔ اُردو ادب سے مجھے بہت لگاؤ تھا۔ جب اُردو ادب کے مضامین پڑھنے کا موقع ملتا، تو شعر و شاعری، اشعار کی تشریح اور ادبی موضوعات کو شوق سے پڑھتی اور سمجھنے کی کوشش کرتی تھی۔


اُردو ادب کے امتحانات کے دوران جب کسی مضمون یا کہانی کے حوالے سے سوالات آتے، تو سمجھ بوجھ کے مطابق اپنے الفاظ میں جواب لکھتی تھی۔ مجھے الفاظ کی اہمیت اور ان کے مفہوم کو سمجھنے کا شوق پیدا ہو چکا تھا۔ یہی شوق رفتہ رفتہ میرے اندر لکھنے کی صلاحیت کو پروان چڑھاتا رہا۔


پھر جب واٹس ایپ کے ذریعے اُردو ادب کی دنیا سے تعارف ہوا، تو مختلف ادبی گروپس میں شمولیت اختیار کی۔ وہاں ہونے والے مقابلہ جات میں حصہ لیا، اپنی تحریریں لکھیں اور انہیں شائع کروانے کا موقع ملا۔ الحمدللہ، میرے رب العالمین نے میری اس خواہش کو پورا فرمایا۔ مختلف میگزینوں اور اخبارات میں میری تحریریں شائع ہوئیں، جو میرے لیے باعثِ مسرت اور اللہ تعالیٰ کی خاص کرم نوازی ہے۔


میں خود کو کوئی ماہر لکھاری نہیں سمجھتی، مگر اللہ پاک کے فضل و کرم سے جتنا سمجھ پاتی ہوں، اپنے احساسات کو لفظوں میں ڈھالنے کی کوشش کرتی ہوں۔ میرے نزدیک لفظ محض حروف کا مجموعہ نہیں، بلکہ احساسات کے ترجمان ہیں۔ کبھی لفظ انسان کو لکھنے پر مجبور کرتے ہیں، کبھی ان میں نصیحت چھپی ہوتی ہے، کبھی حقیقت بیان ہوتی ہے اور کبھی دل کی کیفیت کاغذ پر اُتر آتی ہے۔ لکھے ہوئے الفاظ کو پڑھنے سے بھی لکھنے کا ہنر سیکھنے اور اپنے خیالات کو بہتر انداز میں بیان کرنے کا موقع ملتا ہے۔


یہ میرا مختصر سا ادبی سفر ہے، جو شوق سے شروع ہوا اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آج تک جاری ہے۔ میں اپنی اس ادبی زندگی کے ہر اُس لمحے پر اللہ پاک کی شکر گزار ہوں، جس نے مجھے پڑھنے، سمجھنے اور لکھنے کا ہنر عطا فرمایا۔


الحمدللہ رب العالمین!


اللہ پاک میرے قلم کو ہمیشہ مثبت، بامقصد اور سچائی پر مبنی تحریریں لکھنے کی توفیق عطا فرمائے، میرے لفظوں کو دوسروں کے لیے فائدہ مند بنائے اور میرے اس ادبی سفر میں خیر و برکت عطا فرمائے۔ آمین۔