ننکانہ صاحب، شاکوٹ روڈ: گاؤں رتّوآنہ کے سامنے گندے جوہڑ نے اہلِ علاقہ کی زندگی اجیرن بنا دی
ننکانہ صاحب (خصوصی نمائندہ)ننکانہ صاحب شاکوٹ روڈ پر واقع گاؤں رتّوآنہ کے سامنے موجود گندے پانی کے جوہڑ نے اہلِ علاقہ کی زندگی اجیرن بنا دی۔ جوہڑ میں کھڑا گندا پانی مختلف بیماریوں، جراثیم اور مچھروں کی افزائش کا سبب بن رہا ہے، جبکہ مقامی آبادی کو صحت و صفائی کے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔
اہلِ علاقہ کے مطابق گندے جوہڑ کی وجہ سے ہیپاٹائٹس سی، جلدی امراض اور معدے کی بیماریوں سمیت متعدد طبی مسائل پیدا ہونے کے خدشات ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جوہڑ کے گندے پانی سے زیرِ زمین پانی اور گھروں میں موٹروں کے ذریعے آنے والے پانی کے آلودہ ہونے کا بھی خدشہ ہے، جس سے صاف پانی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔
مقامی لوگوں نے مزید بتایا کہ جوہڑ میں موجود خطرناک آبی جانوروں کے باعث چھوٹے بچوں اور مال مویشیوں کو بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ رہتا ہے، جس سے اہلِ علاقہ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔
گاؤں کے باسیوں نے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے۔ اہلِ علاقہ کی تجویز ہے کہ سرکاری جگہ پر موجود گندے جوہڑ کو مناسب نکاسیٔ آب اور ماحولیاتی تحفظ کے تقاضے پورے کرتے ہوئے ختم کیا جائے اور وہاں بچوں کے کھیلنے کے لیے ایک خوبصورت پارک تعمیر کیا جائے، تاکہ علاقے کے رہائشیوں کو صحت مند ماحول میسر آ سکے۔
گاؤں کے مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے بھی پُرزور اپیل کی ہے کہ رتّوآنہ کے سامنے موجود گندے جوہڑ کے خاتمے اور وہاں پارک کی تعمیر کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، تاکہ اہلِ علاقہ کو اس دیرینہ مسئلے سے نجات مل سکے اور آنے والی نسلوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اہلِ علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ حکام فوری طور پر موقع کا معائنہ کریں اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔
مزید پڑھیں





