پیر، 2 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اس وقت دہشتگردی کے خلاف جنگ اہم، حکومت اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان کراس فائر رکنا چاہیے، رانا ثنااللہ

rana sana

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ اس وقت پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے، اس لیے حکومت اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان جاری لفظی جنگ ختم ہونی چاہیے۔ دونوں جانب سے بیان بازی کا سلسلہ رکنا ملک اور سیاست دونوں کے مفاد میں ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ایک دوسرے کی فطری سیاسی مخالف جماعتیں ہیں اور ان کے درمیان فاصلے کم ہونا ممکن نہیں۔


رانا ثنااللہ کے مطابق حکومت اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان اس طرح کی بیان بازی ملک اور سیاست کے مفاد میں نہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب پاکستان دہشتگردی کے خلاف اہم جنگ لڑ رہا ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کی پس پردہ ملاقاتوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی بھی بیک ڈور ملاقاتیں کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پس پردہ رابطوں اور بات چیت کا سلسلہ علی امین گنڈاپور کے دور میں بھی جاری تھا اور ان کے بعد بھی یہ ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں۔ رانا ثنااللہ نے سہیل آفریدی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک طرف یہ کہتے تھے کہ عشق میں مارے جائیں گے، لیکن دوسری جانب پس پردہ ملاقاتیں بھی کرتے رہے۔