مسجد کے باہر نمازی بن کر گاڑیاں چرانے والا 57 سالہ ملزم گرفتار

کراچی: اینٹی کار لفٹنگ سیل پولیس نے مسجد کے باہر نمازی بن کر گاڑیاں چوری کرنے والے 57 سالہ ملزم انصاف کو گرفتار کرلیا، ملزم کا 23 سال پرانا مجرمانہ ریکارڈ بھی سامنے آگیا۔
اینٹی کار لفٹنگ سیل کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت 57 سالہ انصاف کے نام سے ہوئی ہے، جو مسجد کے باہر نمازی بن کر گاڑیاں چوری کرتا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے گاڑی چوری کی پہلی واردات سال 2000 میں کی تھی، جس کے بعد وہ مسلسل گاڑیوں کی چوری میں ملوث رہا۔پولیس کے مطابق ملزم کراچی سے گاڑیاں چوری کرکے کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں لے جاتا اور وہاں فروخت کردیتا تھا۔ چند روز قبل گلشن اقبال کی ایک مسجد کے باہر بھی ملزم کو گاڑی چوری کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔اینٹی کار لفٹنگ سیل کے مطابق ملزم کا 23 سال پرانا مجرمانہ ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے، جبکہ وہ 15 سے زائد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔





