جمعہ، 30 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

لاہور ہائیکورٹ ، نورین نیازی کے علاج ،اہلخانہ سے ملاقات کے لیے الگ درخواست دائر کرنے کی ہدایت

noreen niazi
مصنف:

لاہور ہائیکورٹ میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بہنوں کی نظر بندی میں توسیع کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی، عدالت نے نورین نیازی کے علاج معالجے اور اہلخانہ سے ملاقات کے لیے الگ متفرق درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی۔


جسٹس عبہر گل خان نے شاہ ریز اور سکینہ بی بی کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس عبہر گل خان نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ ہوم سیکرٹری ملک سے باہر تھے، کیا وہ وطن واپس آچکے ہیں؟ اس پر پنجاب حکومت کے وکیل ناصر چوہان نے جواب دیا کہ وہ چیک کرکے بتا دیں گے۔سماعت کے دوران وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایا کہ نورین نیازی بیمار ہیں اور انہیں اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں رکھا گیا تھا، تاہم وہاں بھی اہلخانہ اور وکلا کو ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ اب انہیں علم نہیں کہ نورین نیازی اسپتال میں ہیں یا واپس جیل منتقل کردی گئی ہیں۔


جسٹس عبہر گل خان نے استفسار کیا کہ کیا ملاقات اور علاج معالجے سے متعلق کوئی درخواست دائر کی گئی ہے؟ اس پر وکیل رانا مدثر عمر نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی گئی ہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے الگ متفرق درخواست دائر کی جائے۔درخواست گزاروں کے وکیل رانا مدثر عمر نے مؤقف اختیار کیا کہ تینوں خواتین کی نظر بندی میں توسیع کا کوئی قانونی جواز موجود نہیں۔ نورین نیازی کو 70 سال کی عمر میں کبھی دل کا عارضہ لاحق نہیں ہوا، لیکن 40 روز کے دوران ان پر کس نوعیت کا دباؤ ڈالا گیا یا انہیں کن حالات میں رکھا گیا کہ اسپتال منتقل کرنا پڑا؟وکیل نے مزید کہا کہ اگر عدالت نظر بندی کا نوٹیفکیشن معطل کردے تو ان کی رہائی ممکن ہو سکتی ہے۔


واضح رہے کہ شاہ ریز اور سکینہ نیازی نے اپنی وکیل رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ کے توسط سے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی نظر بندی میں توسیع کے خلاف درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔