پیر، 23 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اینویڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ عہدے پر بحال، کمپنی کے حصص کی قیمت میں 33 فیصد اضافہ


امریکی ٹیکنالوجی کمپنی اینویڈیا نے جینسن ہوانگ کو فوری طور پر چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے عہدے پر بحال کردیا۔

کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ان کی واپسی کی متفقہ منظوری دے دی، جس کے بعد کمپنی کے حصص کی قیمت میں 33 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جینسن ہوانگ نے 12 نومبر کو مبینہ ازدواجی تعلقات کے انکشافات کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ ان میں ایک چینی خاتون کاروباری شخصیت سے تعلقات کا معاملہ بھی شامل تھا، جس پر امریکی حکام کو چین کے لیے جاسوسی کا شبہ ہے، تاہم بیجنگ اس الزام کی تردید کرتا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے جینسن ہوانگ کی واپسی کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ پیر کو بورڈ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے درست اور مناسب فیصلہ قرار دیا۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکی حکومت کے پاس ایسا کوئی ثبوت نہیں جس سے یہ ظاہر ہو کہ ہوانگ کی واپسی سے قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے یا انہوں نے کوئی غیر قانونی کام کیا ہے۔ تاہم انہوں نے اینویڈیا پر زور دیا کہ امریکی برآمدی پابندیوں کی تعمیل سے متعلق تحقیقات جاری رکھی جائیں۔

اینویڈیا کے بورڈ کے مطابق سینئر امریکی حکام سے مشاورت کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ جینسن ہوانگ کی واپسی سے قومی سلامتی کو کوئی خطرہ نہیں۔ بورڈ نے ان کی دیانت داری اور قیادت کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار بھی کیا۔ کمپنی نے غیر ملکی انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے ہوانگ کو نشانہ بنانے کے امکانات کی تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کردی ہے، جبکہ نئے چیف کمپلائنس آفیسر کی تقرری کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ کولیٹ کریس بدستور چیف فنانشل آفیسر کے عہدے پر کام کرتی رہیں گی۔

دوسری جانب امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی) اور محکمہ انصاف سمیت مختلف ادارے اینویڈیا کے خلاف تحقیقات کررہے ہیں، جن میں ممکنہ مالیاتی بے ضابطگیوں اور چپس کی مبینہ اسمگلنگ کے معاملات بھی شامل ہیں۔