کرائے کے ارسطو، پگڑیاں نہ اچھال،تحریر: پیر انتظار حسین مصور
نقطہ نظر
پیر قلم کی چھاپ
فیس بک کھولو تو ایسا لگتا ہے جیسے پورا بازار لگ گیا ہو۔ جھوٹ کا بازار، الزام کا بازار، کردار کشی کا بازار۔ یہاں ہر سُو لفظوں کی منڈی سجائی جاتی ہے، جہاں عزتیں سستے داموں تولی جاتی ہیں اور ضمیر کو کونے میں بٹھا کر تماشا دیکھا جاتا ہے۔
ہر بندہ محقق بنا ہوا ہے۔ ہر بندہ مورخ بنا ہوا ہے۔ جس نے کبھی کسی کتاب کو تحقیق سے نہیں پڑھا، وہ بھی آج تاریخ لکھ رہا ہے۔ اولیائے کرام اور بزرگانِ دین کا مقام تو ادب، احترام اور عقیدت کا ہے؛ جنہوں نے دین کی خاطر قربانیاں دیں، جنہوں نے لوگوں میں دینِ اسلام پھیلایا، ان کے لیے تو دل میں گہرا ادب اور احترام ہونا چاہیے۔ مگر افسوس کہ آج ہر کوئی اپنی کم علمی کے باوجود بڑوں اور اہلِ علم پر بھی زبان دراز کر رہا ہے۔
یہ تحقیق نہیں ہے، یہ تماشا ہے۔ ایک کھلا تماشا، جس میں علم کا لبادہ اوڑھ کر جہالت کا کاروبار کیا جا رہا ہے۔
ایک آدمی صبح اٹھتا ہے، موبائل اٹھاتا ہے، مشین کو کہتا ہے کہ فلاں کے بارے میں کچھ لکھ دو، فلاں وفات پا جانے والے کے بارے میں کچھ لکھ دو۔ مشین چند سیکنڈ میں الفاظ جوڑ دیتی ہے۔ نہ حوالہ، نہ کتاب، نہ کسی معتبر ذریعے سے تصدیق۔ بس ایک حکم، اور ایک تیار تحریر۔ چند سیکنڈ میں بننے والی یہ تحریریں برسوں کی محنت اور سچائی پر یوں حملہ آور ہوتی ہیں جیسے کسی نے بنا سوچے سمجھے پتھر اٹھا کر آئینے پر دے مارا ہو۔
اب سوال یہ ہے کہ یہ تحریر آگے کیسے پہنچتی ہے؟ یہاں ویب سائٹوں کا کردار آ جاتا ہے۔
آج ایسی کئی ویب سائٹیں ہیں جن کا کام صرف یہ رہ گیا ہے کہ متنازع چیز کو شائع کر کے اپنی طرف ٹریفک کو بلایا جائے، اپنے کاروبار کو چمکایا جائے، اور اپنا نام چاہے متنازع حیثیت میں ہی سہی، سامنے لایا جائے۔ ان کو اس سے مطلب نہیں ہوتا کہ یہ بات سچ ہے یا جھوٹ، اس سے کسی کی عزت متاثر ہوگی یا نہیں، اس سے کسی کے گھر میں کیا گزرے گی۔ ان کو صرف یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ اس تحریر سے کلک کتنے آئیں گے، ویوز کتنے بڑھیں گے، اور ان کا پیج کتنا اوپر جائے گا۔ بکاؤ سوچ اور کلک کی بھوک نے صحافت کی روح کو زخمی کر دیا ہے۔
یہ طریقہ درست نہیں ہے۔ ویب سائٹ ایک ذمہ داری ہے، دکان نہیں ہے۔ جو چیز شائع ہوتی ہے، وہ ریکارڈ بن جاتی ہے۔ وہ گوگل کے سرچ میں آ جاتی ہے۔ وہ برسوں تک لوگوں کے سامنے آتی رہتی ہے۔ اگر وہ چیز بغیر جانچ کے شائع ہوئی ہو، تو اس کا نقصان صرف ایک دن کا نہیں ہوتا، وہ نقصان برسوں کا ہوتا ہے۔
اس لیے ہر ویب سائٹ کو چاہیے کہ وہ ہر چیز کی پہلے جانچ پرکھ کرے، پھر اس کو شائع کرے۔ جانچ کا مطلب یہ ہے کہ اس تحریر میں دلیل ہے یا نہیں۔ تاریخ ہے یا نہیں۔ حوالہ ہے یا نہیں۔ اگر دلیل نہیں ہے، تاریخ نہیں ہے، حوالہ نہیں ہے، تو وہ تحریر تحقیق نہیں ہے، وہ صرف ایک رائے ہے، اور رائے کو تحقیق کا نام دے کر شائع کرنا درست نہیں ہے۔
اور شائع کرتے وقت لفظوں کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔ سخت الفاظ سے بات نہیں بنتی، سخت الفاظ سے بات بگڑتی ہے۔ دلیل سے بات ہو، تاریخ سے بات ہو، ادب سے بات ہو۔ ذاتیات کو نشانہ نہ بنایا جائے۔
ذاتیات کو نشانہ بنانا سب سے آسان کام ہے۔ کسی کے نام پر طنز کا جملہ کس دینا، کسی کے خاندان کو بیچ میں لے آنا، کسی کی ذات پر حملہ کر دینا، یہ سب آسان ہے۔ مگر اس سے نہ علم بڑھتا ہے، نہ معاشرہ سنورتا ہے۔ اس سے صرف دل ٹوٹتے ہیں اور رشتوں کی دیواروں میں دراڑیں پڑتی ہیں۔
اگر کسی کی بات سے اختلاف ہے، تو اس کی بات کا جواب دیجیے، اس کی ذات کا نہیں۔ اگر کسی کی تحریر غلط لگتی ہے، تو اس کی تحریر کی غلطی بتائیے، اس کے کردار کی نہیں۔ یہی اصل تحقیق کا طریقہ ہے، اور یہی خودداری کا تقاضا ہے۔
زندہ تو زندہ رہے، اب تو جو دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں، چاہے کوئی عام انسان ہو یا کوئی سیاستدان، ان کو بھی نہیں چھوڑا جا رہا۔ ایسے لوگ فرضی اور من گھڑت باتیں بنا کر وفات پا جانے والوں پر کیچڑ اچھال رہے ہیں۔ ان کے نام پر بھی وہ باتیں لکھی جا رہی ہیں جن کی کوئی حقیقت نہیں۔ جو شخص اپنی صفائی کے لیے اس دنیا میں موجود ہی نہیں، اس پر فرضی الزام لگانا کتنی بڑی بے انصافی ہے؟ وہ تو آ کر یہ بھی نہیں کہہ سکتا کہ یہ جھوٹ ہے۔ دنیا سے جا چکے لوگوں پر من گھڑت کیچڑ اچھالنا بزدلی اور بے حسی کی انتہا ہے۔
اور یہ کام صرف ایک آدمی نہیں کر رہا۔ ایک لکھتا ہے، دوسری ویب سائٹ اس کو شائع کرتی ہے، تیسرا اس کو شیئر کرتا ہے، چوتھا اس کو سچ سمجھ کر آگے پھیلا دیتا ہے۔ یوں ایک جھوٹ، ایک دن میں پوری دنیا میں پھیل جاتا ہے۔
فیس بک پر آج ہر بندہ دوسرے کی پگڑی اچھالنے میں لگا ہوا ہے۔ کوئی عالم کی، کوئی پیر کی، کوئی سیاست دان کی، کوئی صحافی کی، کوئی عام آدمی کی۔ جیسے پگڑی اچھالنا کوئی فن بن گیا ہو۔ مگر یاد رکھیے، پگڑی اچھالنے سے کوئی بڑا نہیں بنتا۔ پگڑی اچھالنے سے صرف بازار گرم ہوتا ہے۔ بڑا وہ بنتا ہے جو پگڑی سنبھالے۔
ہر آدمی کا اپنا مسلک ہے، اپنی سوچ ہے۔ اس کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔ ہم اختلاف کر سکتے ہیں، مگر دل آزاری نہیں کر سکتے۔ ہم سوال کر سکتے ہیں، مگر تذلیل نہیں کر سکتے۔ کسی کا دل نہیں توڑنا چاہیے، کیونکہ دل ٹوٹ جانے سے انسان اندر سے ٹوٹ جاتا ہے، جب اس میں وہ بات ہوتی نہیں اور ہم بنا سوچے سمجھے لکھ دیتے ہیں تو اس کے اندر کی دنیا بکھر جاتی ہے۔ نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے کہ مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔ اور حجۃ الوداع کے موقع پر آپ ﷺ نے فرمایا کہ تمہارے خون، تمہارے مال اور تمہاری عزتیں ایک دوسرے پر اسی طرح حرام ہیں جس طرح یہ دن، یہ مہینہ اور یہ شہر قابلِ احترام ہے۔
مشین آپ کو لفظ دے سکتی ہے، مگر مشین آپ کو ادب نہیں دے سکتی۔ مشین آپ کو تحریر دے سکتی ہے، مگر مشین آپ کو خوفِ خدا نہیں دے سکتی۔ وہ تو آپ کے اندر ہونا چاہیے، آپ کی نیت اور آپ کے قلم کی سچائی میں جھلکنا چاہیے۔
ویب سائٹ والوں سے بھی یہی گزارش ہے کہ ٹریفک کے لیے کسی کی عزت کو داؤ پر نہ لگائیے۔ ٹریفک تو آ جائے گی، مگر اس ٹریفک کے نیچے کسی کی عزت دب جائے گی، اس کا حساب کون دے گا؟
آؤ آج ہم عہد کریں کہ ہم کسی کی پگڑی نہیں اچھالیں گے، ہم کسی کی ذاتیات پر حملہ نہیں کریں گے، ہم حق اور سچ پر اور سچی باتیں لکھیں گے، ہم جھوٹ کو جگہ نہیں دیں گے، اور ہم کسی کی دل آزاری کا سبب نہیں بنیں گے۔
اس لیے اب وقت ہے کہ ہم اس بازار کو تھوڑا ٹھنڈا کریں۔ لکھنے سے پہلے سوچیں، شائع کرنے سے پہلے جانچیں، شیئر کرنے سے پہلے تحقیق کریں۔ کیونکہ سچ لکھنا مشکل ہے، مگر سچ ہی باقی رہتا ہے۔ جھوٹ چاہے مشین سے لکھوایا جائے، چاہے ہاتھ سے، وہ ایک دن مٹ جاتا ہے۔ اور جو مٹ جاتا ہے، اس پر کبھی تاریخ نہیں بنتی





