جمعہ، 16 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاکستانی سفارتخانے کا ایرانی شہر قم میں ایک روزہ قونصلر سروسز کیمپ کے انعقاد کا اعلان


پاکستانی سفارتخانے نے ایرانی شہر قم میں اپنی نوعیت کے پہلے ایک روزہ قونصلر سروسز کیمپ کے انعقاد کا اعلان کردیا۔ ایرانی حکومت کے تعاون سے یہ کیمپ 22 اکتوبر کو منعقد کیا جائے گا۔ اس دوران سفارت خانہ CNIC/NICOP، پاسپورٹ اور دیگر ضروری قونصلر امور سے متعلق خدمات فراہم کرے گا۔

پاکستانی سفارتخانے کے مطابق قم میں معلم اسٹریٹ پر واقع صفا ہوٹل میں صبح 9 سے شام 4 بجے کے دوران قونصلر سروسز کیمپ لگایا جائے گا۔ سفارتخانے کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد قم میں موجود پاکستانی برادری کو ان کی دہلیز پر ضروری قونصلر خدمات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ تہران کا سفر کیے بغیر شناختی دستاویزات اور دیگر قونصلر سہولیات تک رسائی حاصل کر سکیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ یہ کوشش سفری مسائل، وقت کے ضیاع اور اضافی اخراجات کو کم کرنے کے لیے کی گئی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق سفارت خانہ مستقبل میں بھی قونصلر نیٹ ورک کو وسعت دینے اور ایران میں مقیم پاکستانی شہریوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا