منگل، 27 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

باکو میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم سیاہ کی تقریب، کشمیر عوام سے یکجہتی کا اظہار


اکتوبر 1947ء کو بھارت کی جانب سے سری نگر میں فوجیں اتار کر جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضے کیخلاف باکو میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم سیاہ منایا گیا۔

یومِ سیاہ کی تقریب میں سول سوسائٹی، تھنک ٹینکس، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان، پاکستانی کمیونٹی کے ارکان، آذربائیجان کے دانشوروں، طلبہ اور پاکستان کے دوستوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ اپنے خطاب میں سفارت خانہ پاکستان باکو کی ناظم الامور سارہ اعجاز نے کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی اور ان کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بالخصوص 5 اگست 2019ء کو بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35-اے کی منسوخی کے بعد کی صورتحال کو اجاگر کیا۔

انہوں نے من مانی گرفتاریوں، ماورائے عدالت ہلاکتوں، ذرائع ابلاغ اور مواصلاتی ذرائع پر پابندیوں اور علاقے کے آبادیاتی تناسب میں تبدیلی کی کوششوں کی جانب بھی توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے زور دیا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازع ہے اور یکطرفہ اقدامات نہ تو اس کی متنازع حیثیت تبدیل کر سکتے ہیں اور نہ ہی کشمیری عوام کے جائز حقِ خودارادیت کو متاثر کر سکتے ہیں۔ یہ حق اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق تسلیم شدہ ہے۔

سارہ اعجاز نے مسئلہ جموں و کشمیر کے حوالے سے آذربائیجان کی اصولی اور مسلسل حمایت کو بھی سراہا۔ سفارت خانے میں ایک تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں بھارتی غاصبانہ قبضے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور ان کی جدوجہدِ حقِ خودارادیت کو اجاگر کیا گیا۔

تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان، آذربائیجان کے علمی و فکری حلقوں کے نمائندگان، طلبہ اور پاکستان کے آذربائیجانی دوستوں نے شرکت کی اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔