ہفتہ، 7 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

وزارت پیٹرولیم نے ایل پی جی نیلامی کا نیا طریقہ کار وضع کر دیا


وزارت پیٹرولیم نے ایل پی جی نیلامی کا نیا طریقہ کار وضع کر دیا۔ وفاقی کابینہ نے 4 نومبر 2026 کو ایل پی جی نیلامی کے فریم ورک کی منظوری دی تھی۔

سیکرٹری پیٹرولیم کی زیر صدارت ایل پی جی کی شفاف نیلامی کیلئے قائم کمیٹی کے اجلاس میں نیا طریقہ کار وضع کردیا گیا، وزیر پیٹرولیم علی پرویز کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی دستیابی اور غیر منصفانہ قیمتوں سے متعلق عوامی تحفظات دور کرنا حکومت کی ترجیح ہے، نیلامی کا نیا نظام ایل پی جی کی منصفانہ تقسیم، سپلائی چین کے استحکام اور توانائی کے تحفظ میں معاون ہوگا۔

علی پرویز نے کہا کہ مقامی ایل پی جی پیدا کرنے والے ادارے اپنی پیداوار کا 10 فیصد سرکاری مارکیٹنگ کمپنیوں کو مختص کریں گے، باقی 90 فیصد مقامی ایل پی جی میڈیا کی موجودگی میں شفاف نیلامی کے ذریعے فروخت کی جائے گی، نیلامی میں ہر کمپنی کو یومیہ زیادہ سے زیادہ 20 میٹرک ٹن ایل پی جی حاصل کرنے کی اجازت ہوگی۔

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ ایل پی جی کی یومیہ پیداوار کی نگرانی کی جائے گی اور اعداد و شمار وزیراعظم کو پیش کیے جائیں گے، تمام اہل کمپنیوں کو نیلامی میں مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ حکومت کا مقصد صارفین کو مناسب قیمتوں پر ایل پی جی کی بہتر فراہمی یقینی بنانا ہے۔