منگل، 20 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

وزیراعظم کی نئی آٹو پالیسی 2026-31 کی اصولی منظوری، ہائبرڈ گاڑیوں پر ڈیوٹی میں کمی کی تجویز


وزیراعظم شہباز شریف نے نئی آٹو پالیسی 2026-31 کے مسودے کی منظوری دے دی ہے جبکہ پالیسی کی حتمی منظوری کے لیے اسے جلد وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزارتِ قانون کے حکام نے وزیراعظم شہباز شریف کو نئی آٹو پالیسی کے مسودے پر بریفنگ دی، جس کے بعد وزیراعظم نے پالیسی وفاقی کابینہ میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی آٹو پالیسی میں مقامی اور درآمد شدہ ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں توازن برقرار رکھنے کی تجویز شامل ہے۔

پالیسی میں ہائبرڈ گاڑیوں کی درآمد پر آئندہ 5 سال کے دوران ٹیکس اور ڈیوٹی میں مرحلہ وار کمی کی تجویز دی گئی ہے۔ 851 سے 1000 سی سی اور 800 سی سی تک ہائبرڈ گاڑیوں پر ڈیوٹی 50 فیصد سے کم کرکے 30 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔ اس کے علاوہ درآمد شدہ گاڑیوں کے لیے معیاد کا سرٹیفکیٹ بھی لازمی قرار دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق نئی آٹو پالیسی کی وفاقی کابینہ سے حتمی منظوری کے بعد اس پر عمل درآمد کی راہ ہموار ہوگی۔