منگل، 20 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

انسداد دہشتگردی کے لیے خیبر پختونخوا کو ملنے والے 800 ارب روپے کا آڈٹ کرایا جائے، ثمر ہارون بلور


ثمر ہارون بلور نے پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چند دنوں میں وزیراعظم خیبر پختونخوا کا دورہ کریں گے اور بڑے اعلانات کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس نوعیت کے وسائل پنجاب میں دکھائی دیتے ہیں، اب خیبر پختونخوا میں بھی ویسے ہی وسائل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ "گول مارچ" بن گیا اور آگے نہیں بڑھ سکا۔

مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ انہیں اندازہ ہے کہ بہت سے وعدے عملی شکل اختیار نہیں کر پاتے، اس لیے وہ وعدے کم اور کام زیادہ کریں گی۔

ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ ملک کی ایک بڑی جماعت اپنے سوشل میڈیا تک محدود ہو کر رہ گئی ہے، جبکہ ان اکاؤنٹس کے پیچھے موجود افراد ملک سے باہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہر ہفتے اپنی کارکردگی کی رپورٹ پیش کریں گی۔ انسداد دہشت گردی کے لیے صوبے کو ملنے والے 800 ارب روپے کا آڈٹ کرایا جائے گا۔

مشیر اطلاعات نے بتایا کہ میران شاہ سے بچیوں نے پیغامات بھیجے ہیں کہ وہاں گزشتہ 13 سال سے اسکول موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان بچیوں کے لیے اسکول بنانے کی کوشش کی جائے گی اور پسماندہ علاقوں کے لیے بھی کچھ کر کے جائیں گی۔

ثمر ہارون بلور نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی صرف ایک جنازے میں شریک ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کو 10 بکتر بند گاڑیاں دی گئی ہیں۔ ان کے مطابق جب یہ گاڑیاں پہلے صوبے کو دی گئی تھیں تو انہیں بڑے تکبر کے ساتھ واپس کر دیا گیا تھا۔