این اے 77 انتخابات دھاندلی، مرکزی مسلم لیگ نے ویڈیو ثبوت میڈیا کے سامنے رکھ دیئے
مرکزی مسلم لیگ جیت چکی،نتائج مسترد، تمام فورمز پر جائیں گے،حق لے کر رہیں گے، فیصل ندیم
لاہور( رپورٹ، ممتاز اعوان )مرکزی مسلم لیگ نے این اے 77 ضمنی انتخابات میں دھاندلی، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی،سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال کے ویڈیو ثبوت میڈیا کے سامنے رکھ دیئے، مرکزی ترجمان فیصل ندیم نے رہنماؤں کے ہمراہ اعلان کیا کہ ہم نتائج کو مسترد کرتے ہیں، این اے 77 کی سیٹ ہم جیت چکے، ن لیگ دھاندلی لیگ جو ہمیشہ الیکشن مینج کرتی ہے، ہم خاموش نہیں رہیں گے بلکہ تمام فورمز پر جائیں گے اور اپنا حق لے کر رہیں گے،عظمیٰ بخاری نے مرکزی مسلم لیگ بارے الزام لگا کر جو ویڈیو شئیئر کی وہ مرکزی مسلم لیگ کا کارکن نہیں بلکہ پریذائڈنگ افسرہےعظمیٰ بخاری اپنی ٹیم بدلیں، وزیراعلیٰ پنجاب قانون کی عملداری پر یقین رکھتی ہیں یہ بتائیں این اے 77 میں اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کے حوالہ سے قانون کی عملداری کہاں تھی،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں امیدوار حلقہ این اے 77 قاضی ابراہیم گجر،ڈپٹی سیکرٹری جنرل خالد نیک گجر،صدر مسلم یوتھ لیگ تابش قیوم،صدر مرکزی مسلم لیگ پنجاب ڈاکٹر مذمل اقبال ہاشمی،انجینئر حارث ڈار و دیگر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے انتخابی دھاندلی کے تمام ویڈیو ثبوت میڈیا کے سامنے پیش کیے گئے، فیصل ندیم کا کہنا تھا کہ این اے 77 کے انتخابی معرکہ کی گونج پورے ملک میں تھی، انتخابات میں مخصوص امیدوار عموما ہوتے ہیں، گوجرانوالہ اورچیچہ وطنی میں الیکشن ہوا، دونوں جگہ اراکین اسمبلی فوت ہوئے تھے، دونوں جگہ ن لیگ نے فوت ہونے والوں کے صاحبزادوں کو ٹکٹ دیا، یہ سیاست میں موروثیت ہے، چند خاندانوں نے سیاست کو یرغمال بنایا ہوا ہے، دوسری جانب مرکزی مسلم لیگ نے ایک ورکر کو اس معرکے میں اتارا،خیال یہ تھا کہ یکطرفہ مقابلہ ہے ،لیکن جیسے ہی انتخابی مہم شروع ہوئی، ابراہیم گجر اور انکے ورکرز نے زبردست قسم کی انتخابی مہم کو منظم کیا، ایک ایک دروازے تک ہمارے کارکنا ن گئے، پھر حلقے کی صورتحال بدلنا شروع ہو گئی، وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت دونوں کا یہ دعویٰ ہے کہ انہوں نے وطن عزیز کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچایا لیکن عوام میں جائیں تو بجلی،گیس کا بل ،پٹرولیم کی قیمتیں، مہنگائی، خودکشیاں سب کے سامنے ہیں، عوام کا غم و غصہ سامنے آنے لگا اور لوگ جوق دوجوق مرکزی مسلم لیگ کا ساتھ دینے لگے،
ترجمان مرکزی مسلم لیگ فیصل ندیم کا مزید کہنا تھا کہ ابتدا میں ن لیگ کو خیال تھا کہ شاید حلقے میں آنے کی ضرورت نہ پڑے کیونکہ وہ پانچ بار الیکشن جیت چکے تھے،لیکن ہر گزرتے دن کے ساتھ انکے خیالات بدلتے چلے گئے ،حلقے میں جس طرح سے ابراہیم گجر اور جماعت نے انتخابی مہم کو منظم کیا دوسری جانب سے بھی ہونا چاہئے تھا ،ووٹ کو عزت دینے کی بجائے ووٹ کو جتنا بے عزت ن لیگ نے کیا اتنا کسی اور نے نہیں کیا، ہماری انتخابی مہم کے بعد ن لیگ کی دوڑیں لگیں، ایم این ایز، ایم پی ایز کی دوڑیں لگ گئیں، بڑی بڑی گاڑیاں، اس طرح کا ماحول بنانا شروع کر دیا کہ لوگوں کو ڈرایا دھمکایا جا سکے، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ ہیلی کاپٹر پر سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کر کے حلقے میں آئے، یہ بے ضابطگی تھی اور پھر الیکشن کمیشن کی جانب سے طلبی کا نوٹس جاری ہوا،اسکے بعد فیصلے کا دن آیا، فیصلے کے دن ن لیگ جس کا ہمیشہ سے وطیرہ رہا ہے کہ انہوں نے الیکشن کو حصہ لینے کی بجائے ،لڑنے کی بجائے ہمیشہ مینج کرنے کی کوشش کی ہے،
فیصل ندیم کا مزید کہناتھا کہ ہزاروں بیلٹ پیپرز غائب کئے گئے،ہمارے پاس اس کے شواہد موجود ہیں، جب انتخابی عملے سے سوال کیا گیا کہ آپ کے پاس جو فہرست ہے اسکے مطابق بیلٹ پیپر کی اتنی بکس ہونی چاہئے تھی، باقی پانچ بکس کہاں ہیں، یہ سوال بنتا تھا جو ہم نے کیا،283 پولنگ اسٹیشن کے نتائج ہمارے پاس ہمارے ووٹ 25 ہزار 377 تھے راشد بشیر کے 24 ہزار تھے، ہمارے امیدوار نے لیڈ لی ہوئی تھی،ہم نے نشاندہی کی، بار بار الیکشن کمیشن سے رجوع کیا کہ دھاندلی کا اتنا بڑا واقعہ ہوا، یہ اپنے یوم گراؤنڈ سے ہارے،دوردراز اسٹیشن سے جا کر انہوں نے جیتنا شروع کر دیا، پوری بکس بیلٹ پیپرز کی جو غائب تھیں وہ دور دراز علاقوں میں استعمال ہوا،وزیراعلیٰ پنجاب کہتی ہیں قانون کی عملداری کو یقین بنا لیا لیکن یہ قانون کی عملداری کیا ن لیگ کے وفاقی و صوبائی وزرا اراکین اسمبلی پر لاگو ہوتی ہے یا نہیں،وزیر اطلاعات کے بھائی پولنگ اسٹیشن کے اندر کیا کرنے پہنچے،ن لیگ نے پنجاب پولیس کو پرائیویٹ سیکورٹی ایجنسی بنا لیا،پولیس اہلکار ن لیگی امیدوارکی مہم چلاتے رہے،پنجاب پولیس ن لیگ کے اشتہارات کے ساتھ بیٹھی رہی، ووٹرز پر دباؤ ڈالتی رہی کہ ن لیگ کے حق میں ووٹ ڈالیں،وہ لوگ جنہوں نے ضابطے پر عمل یقینی بنانا تھا وہ کہاں تھے، وزیراعلیٰ پنجاب ذرا جواب دیں
ترجمان مرکزی مسلم لیگ فیصل ندیم کا مزید کہنا تھا کہ انتخابی عملے کی جانب سے بھی مسلسل بے ضابطگیاں کی جاتی رہی ہیں،سیاسی جماعتوں کے ورکرز،کارکنان انتخابی عملے میں موجود ہوتے ہیں اور وہ اندر بیٹھ کر دھاندلی کرتے ہیں، ووٹ ڈالنا ہے تو لازمی طور پر انگوٹھا لگتا ہے، پریزائڈنگ افسران نے انگوٹھے نہیں لگوائے ،ہمارے پاس ویڈیو ثبوت موجود ہیں۔ گلگت اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ مدمقابل تھے لیکن ویسے یہ آپس کے اتحادی ہیں، بلاول،شرجیل میمن، ناصر شاہ و دیگر نے مسلسل فارم 47 کی حکومت کہا، اب اس پر بات ہونی چاہئے، ابھی ووٹنگ مکمل نہیں ہوئی تھی فارم 45 پر ووٹ کا وقت ختم ہونے سے قبل ہی دستخط کروا لئے گئے تھے،الیکشن ڈے پر سب سے اہم ترین آدمی امیدوار ہے،اگر امیدوار کسی بھی جگہ جا کر ووٹنگ کے عمل کو جانچنا چاہے اور اسے روکا جائے تو کیا اسکی گنجائش موجود ہے، ہمارے امیدوار کو جبری طور پر روکنے کی کوشش کی گئی،
ترجمان مرکزی مسلم لیگ فیصل ندیم نے مزید کہا کہ پنجاب کی وزیر اطلاعات کو اسٹنٹ کرنے کی کیا ضرورت ہے، انہیں جب پتہ چلا کہ ان کا سیاسی بت کدہ شکست و ریخت کا دو چار ہے اور ہم نے دھاندلی کے شواہد حاصل کر لیے،تو اس کے بعد انہوں نے اسٹنٹ کیا،ہمارے پاس ثبوت موجود ہے کہ عظمیٰ بخاری نے جو ویڈیو شیئر کی اور ہمارے اوپر دھاندلی کا الزام لگایا وہ پریذائڈنگ افسر تھے اور ان کا نام شاہد تھا، انکی آڈیو بھی ہمارے پاس موجود ہے، اس کا فرانزک بھی کروا لیں، پریذائڈنگ افسر کو مرکزی مسلم لیگ کا کارکن بنانے کی کوشش ووٹرز کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی، پنجاب حکومت آڈیو کی فرانزک کروا لے، عظمیٰ بخاری اپنی ٹیم بدلیں اور ایسے لوگ رکھیں جو ان کو مصدقہ معلومات دے سکیں،اس دوران آڈیو بھی سنائی گئی جس میں انکا کہنا تھا کہ میں نے شناختی کارڈ کے بنا ووٹ نہیں ڈالنے دیئے جس کی وجہ سے میرے ساتھ یہ سازش کی گئی۔
ترجمان مرکزی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے بیلٹ پیپرز غائب کئے ، اور دھاندلی کی ، ان پولنگ اسٹیشن کے ووٹ ری چیک ہونے چاہئے، جو ملوث ہے انکے خلاف تادیبی کاروائی ہونی چاہئے، ہم نے سیٹ چھوڑنی نہیں یہ سیٹ ابراہیم گجر،مرکزی مسلم لیگ نے جیتی، ہم ہر فورم پر جائیں گے ،عدالتوں میں جائیںگے، عوام میں جائیں گے،اور اپنا حق لیں گے
مزید پڑھیں




