Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اسلام آباد میں احتجاجی مظاہروں کے باعث پولیس اہلکاروں کی چھٹیوں پر پابندی عائد


اسلام آباد: احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر اسلام آباد پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی تمام نوعیت کی چھٹیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ آئی جی اسلام آباد کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد پولیس میں اتفاقی، استحقاقی اور بیرونِ ملک جانے کی چھٹیوں سمیت تمام اقسام کی رخصتیں فوری طور پر روک دی گئی ہیں، تاہم صرف ہنگامی نوعیت کی چھٹی کی اجازت ہوگی۔ پولیس حکام کے مطابق چھٹیوں پر عائد پابندی 5 اکتوبر 2026 تک برقرار رہے گی۔ اس دوران تمام پولیس افسران اور اہلکاروں کو اپنی ڈیوٹی اور تعیناتی کی جگہ پر موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں پولیس نفری کی بروقت دستیابی یقینی بنائی جاسکے۔ مراسلے میں پہلے سے چھٹی پر موجود تمام افسران اور اہلکاروں کو بھی فوری طور پر اپنی متعلقہ جائے تعیناتی پر واپس پہنچ کر رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اسلام آباد پولیس کے تمام متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چھٹیوں پر پابندی عائد کرنے کا مقصد اسلام آباد میں ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے دوران سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانا، پولیس کی مطلوبہ نفری کی دستیابی یقینی بنانا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اہلکاروں کو الرٹ رکھنا ہے۔ حکام کے مطابق موجودہ سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں پولیس اہلکاروں کی دستیابی کو برقرار رکھنا ضروری ہے، اسی لیے معمول کی تمام رخصتیں روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ صرف ہنگامی نوعیت کی چھٹی کی اجازت ہوگی۔