صدر زرداری سے گورنر پنجاب کی اہم ملاقات، صوبے کے انتظامی امور پر تبادلہ خیال

صدر مملکت آصف علی زرداری سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ملاقات کی، جس میں پنجاب کے انتظامی امور، اعلیٰ تعلیم، جامعات کی صورتحال اور عوامی مسائل سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے صدر مملکت کو صوبے کی مجموعی صورتحال اور پنجاب کی یونیورسٹیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے صوبے میں جاری انتظامی امور اور عوامی مسائل کے حوالے سے بھی صدر مملکت کو آگاہ کیا۔
ملاقات کے موقع پر صدر آصف علی زرداری نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی عوامی خدمات کو سراہا۔ گورنر پنجاب نے صدر مملکت کو بتایا کہ گورنر ہاؤس کو عوامی گورنر ہاؤس میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جہاں عوامی مسائل کے حل اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ وہ غریب عوام اور پارٹی کارکنان کے لیے ہر وقت موجود رہتے ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھلے ہیں اور عوامی رابطے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
گورنر پنجاب نے سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب عوام بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنائیں گے۔ ملاقات میں پنجاب کے انتظامی امور، اعلیٰ تعلیم، جامعات کی صورتحال اور عوامی مسائل سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے گورنر پنجاب کو صوبے میں عوامی فلاح و بہبود اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں مزید اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔
مزید پڑھیں





