پی ٹی آئی عدالتوں سے این آر او لینے کی کوشش کر رہی، طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں بانی پی ٹی آئی کو ٹرائل کورٹ نے تمام شواہد کی بنیاد پر سزا سنائی، اسلام آباد ہائیکورٹ سے بھی سزا برقرار رہنے کے قوی امکانات ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیل کی سماعت ہو رہی ہے۔ مبینہ طور پر بانی پی ٹی آئی نے اپنی قانونی ٹیم کو میرٹ پر دلائل دینے کے بجائے تاخیری حربے استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر سیاست کی جا رہی ہے۔ کبھی پسندیدہ خوراک اور کبھی پسندیدہ ڈاکٹر کی عدم دستیابی کا معاملہ اٹھایا جاتا ہے، جبکہ بشریٰ بی بی کے سیل سے سانپ نکلنے جیسے مضحکہ خیز الزامات بھی لگائے جا رہے ہیں۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ تمام الزامات اور بیانیہ عدالتی کارروائی پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم ایک ڈرامہ ٹیم بن چکی ہے اور ان کی کوشش مقدمے کو طول دینا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جتنے مرضی تاخیری حربے استعمال کیے جائیں، مقدمے کا فیصلہ میرٹ کے مطابق ہوگا۔ عمران خان کی صحت پر سیاست کی جائے یا دیگر معاملات اٹھائے جائیں، عدالتیں اپنی کارروائی قانون اور میرٹ کے مطابق ہی آگے بڑھائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹسز کو بانی پی ٹی آئی کا خط بھی عدالتی کارروائی پر اثرانداز ہونے کی کوششوں کی ایک کڑی تھا۔ ان کے لیے عدالتوں سے این آر او لینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کے وکلا پر زور دیا کہ وہ تاخیری حربوں کے بجائے عدالت میں ٹھوس قانونی نکات، شواہد اور میرٹ کی بنیاد پر دلائل دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتی کارروائی پر اثرانداز ہونے کے لیے اختیار کیے جانے والے ہتھکنڈے کامیاب نہیں ہوں گے۔
مزید پڑھیں




بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام یا بے نظیر ہنرمند سپورٹ پروگرام،تحریر:ندیم یعقوب گوہر

