بدھ، 18 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

میں تنہا کیوں ہوں؟ تحریر: شازیہ یاسین

نقطہ نظر

خداوندِ کریم نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا ہے۔ اسے عقل، شعور، احساس اور محبت جیسی بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے۔ اس کائنات میں انسان واحد مخلوق ہے جو نہ صرف اپنے جذبات کا اظہار کر سکتی ہے بلکہ دوسروں کے دکھ درد کو بھی محسوس کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ربِ کائنات نے ہمیں بہت پیار سے تخلیق کیا اور ہماری زندگی کو خوبصورت بنانے کے لیے والدین، بہن بھائی، اولاد، دوستوں اور دیگر عزیز رشتوں کی نعمت عطا فرمائی۔ بحیثیت مسلمان ہم ایک امت کا حصہ ہیں اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک ہونا ہماری دینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ زندگی کے سفر میں کوئی بھی انسان مکمل طور پر خود کفیل نہیں ہوتا، ہر شخص کو کسی نہ کسی مرحلے پر دوسرے انسانوں کی ضرورت پڑتی ہے۔ غم کے صحراؤں میں اپنوں کا ساتھ بادِ صبا کے ٹھنڈے جھونکے کی مانند محسوس ہوتا ہے جبکہ زندگی کی پرخار راہوں میں انہی رشتوں کی محبت گلستان کا منظر پیش کرتی ہے۔


آج کے جدید، تیز رفتار اور نفسا نفسی کے دور میں ہر شخص کسی نہ کسی پریشانی کا شکار نظر آتا ہے۔ مالی مشکلات اپنی جگہ، لیکن اس سے بڑھ کر جذباتی اور نفسیاتی مسائل نے لوگوں کو گھیر لیا ہے۔ ہر شخص چاہتا ہے کہ اسے توجہ دی جائے، اس کی بات سنی جائے اور اس کے احساسات کو سمجھا جائے۔ افسوس کہ جدید ٹیکنالوجی نے جہاں فاصلے سمیٹ دیے ہیں، وہیں دلوں کے درمیان فاصلے بڑھا دیے ہیں۔ ایک ہی گھر میں رہنے والے افراد گھنٹوں موبائل فون پر مصروف رہتے ہیں لیکن ایک دوسرے کے لیے وقت نہیں نکال پاتے۔ خون کے رشتوں میں وہ قربت باقی نہیں رہی جو کبھی خاندانوں کی پہچان ہوا کرتی تھی۔


ہر انسان کو یہ محسوس ہونے لگا ہے کہ شاید اس کی کسی کو ضرورت نہیں، اس کی اہمیت کم ہو گئی ہے اور کوئی اسے سمجھنے والا نہیں۔ دوسری طرف یہ رجحان بھی عام ہوتا جا رہا ہے کہ ہر شخص خود کو مظلوم سمجھتا ہے۔ اسے لگتا ہے کہ زیادتی ہمیشہ اسی کے ساتھ ہوتی ہے، وہ دوسروں کا خیال رکھتا ہے لیکن کوئی اس کا خیال نہیں رکھتا۔ وہ دوسروں کو سمجھنے کی کوشش کرتا ہے مگر اسے سمجھنے والا کوئی نہیں۔ یہی احساسات آہستہ آہستہ دل میں مایوسی پیدا کرتے ہیں اور انسان تنہائی کی طرف بڑھنے لگتا ہے۔ نتیجتاً اطمینانِ قلب جیسی عظیم نعمت ہم سے دور ہوتی چلی جاتی ہے۔


عزیز احباب! جب انسان کے اندر "میں" کی بیماری جنم لے لیتی ہے تو اسے اپنے سوا کوئی دوسرا اہم نظر نہیں آتا۔ یہی وہ مقام ہے جہاں سے تنہائی اور محرومی کا آغاز ہوتا ہے۔ انسان تب تنہا ہوتا ہے جب وہ دوسروں سے تعلقات استوار کرنے کے بجائے اپنے گرد خود غرضی، انا اور بے نیازی کی دیواریں کھڑی کر لیتا ہے۔ وہ آہستہ آہستہ لوگوں سے کٹنے لگتا ہے اور پھر ایک دن خود کو ہجوم میں بھی اکیلا محسوس کرتا ہے۔


بعض اوقات تنہائی اچھی لگتی ہے کیونکہ اس میں انسان خود احتسابی کرتا ہے، اپنے رب سے قریب ہوتا ہے اور اپنے باطن کی آواز سنتا ہے۔ لیکن یہی تنہائی اگر حد سے بڑھ جائے تو انسان کو بے چینی، پریشانی اور ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیتی ہے۔ وہ یادوں کے دریچوں میں کھو جاتا ہے، ماضی کے بوجھ تلے دب جاتا ہے اور مستقبل کے اندیشوں میں الجھ جاتا ہے۔ ایسے میں محبوب لوگوں کی یادیں اس کے دل و دماغ پر چھا جاتی ہیں۔ بقول مومن خاں مومن:


تم میرے پاس ہوتے ہو گویا

جب کوئی دوسرا نہیں ہوتا


کرب ناک تنہائی انسان کو اندر سے کھوکھلا کر دیتی ہے۔ اکثر اوقات یہ تنہائی ہمارے اپنے رویوں اور اعمال کا نتیجہ ہوتی ہے۔ ہم رشتوں کی ناقدری کرتے ہیں، اپنی مصروفیات کو جواز بنا کر عزیزوں سے دور ہو جاتے ہیں، رابطے ختم کر دیتے ہیں اور پھر شکوہ کرتے ہیں کہ لوگ ہمیں بھول گئے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ تعلقات کو زندہ رکھنے کے لیے دونوں طرف سے کوشش درکار ہوتی ہے۔ اگر ہم خود کبھی پہل نہ کریں، کبھی کسی کا حال نہ پوچھیں اور اپنی غلطی تسلیم نہ کریں تو رشتے کمزور پڑ جاتے ہیں۔


ایک اور اہم وجہ سوشل میڈیا کا غیر متوازن استعمال بھی ہے۔ آج انسان کے سینکڑوں آن لائن دوست ہیں مگر دل کی بات سننے والا شاید ایک بھی نہیں۔ ہم تصویروں، لائکس اور تبصروں کی دنیا میں اتنے گم ہو چکے ہیں کہ حقیقی تعلقات کی اہمیت فراموش کر بیٹھے ہیں۔ ورچوئل دنیا وقتی خوشی تو دے سکتی ہے مگر دل کا سکون اور تعلق کا احساس صرف حقیقی رشتوں سے ہی حاصل ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بظاہر مصروف اور مقبول نظر آنے والے بہت سے لوگ اندر سے شدید تنہائی کا شکار ہوتے ہیں۔


اپنے خالقِ حقیقی سے دوری بھی انسان کو تنہا کر دیتی ہے۔ جب دل اللہ تعالیٰ کی یاد سے خالی ہو جائے تو دنیا کی کوئی نعمت اسے مکمل سکون نہیں دے سکتی۔ ہم عارضی آسائشوں اور خواہشات کے پیچھے بھاگتے رہتے ہیں اور اس حقیقت کو بھول جاتے ہیں کہ ایک دن سب کچھ چھوڑ کر جانا ہے۔ قرآنِ کریم بار بار ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اصل کامیابی اللہ کی رضا میں ہے۔ جب انسان نماز، دعا، ذکر اور تلاوتِ قرآن سے اپنا تعلق مضبوط کرتا ہے تو اس کے دل کی ویرانی ختم ہونے لگتی ہے۔


یہ بھی حقیقت ہے کہ بعض اوقات انسان اپنی انا کی وجہ سے تنہا ہو جاتا ہے۔ وہ معاف کرنا نہیں جانتا، جھکنا اپنی توہین سمجھتا ہے اور صلح کی کوشش کو کمزوری تصور کرتا ہے۔ حالانکہ بڑے لوگ وہ ہوتے ہیں جو تعلقات بچانے کے لیے قدم آگے بڑھاتے ہیں۔ معاف کر دینا، درگزر کرنا اور رشتوں کو اہمیت دینا کمزوری نہیں بلکہ اعلیٰ ظرفی کی علامت ہے۔


اگر ہم واقعی تنہائی سے نجات چاہتے ہیں تو ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی۔ کسی ناراض دوست کو فون کر لیجیے، والدین کے پاس چند لمحے بیٹھ جائیے، بہن بھائیوں سے دل کی بات کر لیجیے، کسی بیمار کی عیادت کر لیجیے، کسی غریب کی مدد کر دیجیے یا کسی دکھی انسان کے آنسو پونچھ دیجیے۔ یقین جانیے، دوسروں کے دلوں میں خوشی بانٹنے والا انسان کبھی تنہا نہیں رہتا۔ محبت بانٹنے سے کم نہیں ہوتی بلکہ بڑھتی ہے۔


یہ جو انا کا خول ہوتا ہے نا! بعض اوقات اس میں رہتے ہوئے ہم آہستہ آہستہ خود کو ہی نہیں بلکہ اپنے رشتوں کو بھی ختم کر رہے ہوتے ہیں۔ ہم ہر وہ لمحہ ضائع کر دیتے ہیں جس میں ہمیں اپنے پیاروں کی ضرورت ہوتی ہے اور اس لمحے سے بھی محروم ہو جاتے ہیں جب ہمارے پیارے ہماری راہ دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ نتیجتاً ہم خود کو بھی تنہا محسوس کرتے ہیں اور دوسروں کو بھی تنہائی کی اذیت دیتے ہیں۔


لہٰذا آئیے عہد کریں کہ ہم رشتوں کی قدر کریں گے، دلوں کو جوڑیں گے، اپنے رب سے تعلق مضبوط کریں گے اور محبت، خلوص اور ایثار کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں گے۔ اگر ہم ایسا کر لیں تو یقیناً ہمیں کبھی خود سے یہ سوال نہیں کرنا پڑے گا کہ "میں تنہا کیوں ہوں؟"


خوش رہیں، خوشیاں بانٹیں اور اپنے ساتھ دوسروں کی زندگیوں میں بھی آسانیاں پیدا کریں۔