باغی ہونا جرم نہیں سچ بولنا بغاوت ہے،تحریر: پیر انتظار حسین مصور
نقطہ نظر
سچ بولنے والوں کو باغی کہنے والوں کے نام
یہ تحریر تنقید برائے اصلاح ہے، کسی فرد یا ادارے کے خلاف نہیں
آج ہم ایک ایسے دور میں سانس لے رہے ہیں جہاں سچ بولنے والے کو باغی کہا جاتا ہے، حق مانگنے والے کو غدار سمجھا جاتا ہے، اور سوال کرنے والے کو ملک دشمن قرار دے دیا جاتا ہے
یہ کوئی کتابی بات نہیں ہے۔ یہ ہم سب کی کہانی ہے۔ ہم صحافیوں نے جب بھی اسپتال میں فرش پر تڑپتے مریض کی خبر دکھائی، جب اسکول کی ٹوٹی چھت دکھائی، جب عام آدمی کے بل اور بھوک کی بات لکھی، تو بعض اوقات اصلاح کا شکریہ نہیں ملا۔ بلکہ حقائق دکھانے والوں کو بعض اوقات پیکا ایکٹ کے حوالے سے خوف محسوس کرایا جاتا ہے، نوٹس اور قانونی کارروائی کا ڈر پیدا کیا جاتا ہے، اور سرکاری کام میں مداخلت کا طعنہ دیا جاتا ہے
یعنی مریض کا فرش پر تڑپنا مداخلت نہیں سمجھا جاتا، مگر اس تڑپ کو دکھانا مداخلت کہہ دیا جاتا ہے۔ دوائی کا بروقت نہ ملنا جرم نہیں سمجھا جاتا، مگر دوائی مانگنے والے کی خبر چلانا جرم سمجھ لیا جاتا ہے۔ گٹر کا کھلا ہونا ملک دشمنی نہیں، مگر گٹر کو دکھانا ملک دشمنی سمجھ لیا جاتا ہے
ذرا ٹھہر کر سوچیے، کیا سچ بولنا جرم ہے؟ کیا بھوکے کا روٹی مانگنا بغاوت ہے؟ کیا مریض کے لیے دوائی مانگنا جرم ہے؟ کیا مزدور کا اپنی مزدوری مانگنا غداری ہے؟ اگر اس سچ بولنے کو بغاوت کہتے ہیں، تو ہاں ہم باغی ہیں، اور ہمیں اس باغی ہونے پر فخر ہے۔
باغی وہ نہیں ہوتا جو اپنے ملک کے خلاف بولے۔ باغی وہ ہوتا ہے جو ناانصافی کے خلاف بولے۔ باغی وہ نہیں ہوتا جو آئین توڑے۔ باغی وہ ہوتا ہے جو آئین پر عمل کروانے کی بات کرے باغی وہ نہیں ہوتا جو اداروں کو کمزور کرے۔ باغی وہ ہوتا ہے جو اداروں کو ان کی اصل ذمہ داری یاد دلائے
باغی وہ استاد ہے جو ٹاٹ پر بیٹھے بچوں کے لیے کرسی مانگتا ہے۔ باغی وہ کسان ہے جو اپنی فصل کا پورا معاوضہ مانگتا ہے۔ باغی وہ مزدور ہے جو سارا دن پسینہ بہا کر شام کو خالی ہاتھ گھر جانے سے انکار کرتا ہے۔ باغی وہ ماں ہے جو اسپتال کے فرش پر تڑپتے اپنے بیٹے کے لیے دوائی مانگتی ہے
اب یہ بات صاف سمجھ لیں۔ صحافی اصلاح چاہتا ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ اسپتال ٹھیک ہو، اسکول ٹھیک ہو، نظام ٹھیک ہو۔ مگر اصلاح کا مطلب یہ نہیں کہ ذمہ دار کو جوابدہ نہ ٹھہرایا جائے۔ لکھنے والا معافی نہیں، انصاف چاہتا ہے۔ اسی لیے وہ لکھتا ہے، اسی لیے وہ دکھاتا ہے۔
اگر مریض کو بروقت سہولت نہ ملے اور کوئی پوچھنے والا نہ ہو، تو یہ اصلاح نہیں، یہ افسوسناک خاموشی ہے اگر دوائی بروقت نہ ملے اور خبر نہ چلے، تو یہ اصلاح نہیں، یہ ناانصافی کو نظر انداز کرنا ہے۔ اس لیے ہم لکھتے ہیں تاکہ ذمہ دار کو قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جا سکے اور مظلوم کو انصاف ملے۔ ہم دکھاتے ہیں تاکہ کل کسی اور ماں کا بیٹا فرش پر نہ تڑپے
ہمیں ہمیشہ یہ درس دیا جاتا ہے کہ خاموش رہو، صبر کرو، قربانی دو۔ مگر سوال یہ ہے کہ صبر کب تک؟ عام آدمی نے برسوں صبر کیا مزدور نے ساری زندگی صبر کیا۔ صبر کرتے کرتے اس کی کمر ٹوٹ گئی، اس کے بچے بھوکے سو گئے۔ صبر کا بوجھ ہمیشہ عام آدمی کے کندھوں پر ہی کیوں؟ مہنگائی آئے تو عام آدمی صبر کرے، بل بڑھے تو عام آدمی صبر کرے دوائی نہ ملے تو عام آدمی صبر کرے۔ مگر مراعات یافتہ طبقے کی مراعات کبھی کم نہیں ہوئیں، ان کا مفت پٹرول کبھی بند نہیں ہوا، ان کی مفت بجلی کبھی ختم نہیں ہوئی۔ قربانی ہمیشہ عام آدمی ہی دے اور سہولتیں ہمیشہ چند لوگ ہی لیں، یہ انصاف نہیں، یہ واضح ناانصافی ہے۔
اور اس سارے پس منظر میں سب سے بڑا باغی وہ قلم ہے جو جھکتا نہیں، وہ کیمرہ ہے جو رکتا نہیں، وہ صحافی ہے جو کسی خوف یا دباؤ سے نہیں ڈرتا۔ صحافی کوئی مراعات نہیں مانگتا۔ وہ پلاٹ نہیں مانگتا، وہ گاڑی نہیں مانگتا۔ وہ صرف یہ چاہتا ہے کہ اسے آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے سچ بولنے کی آزادی دی جائے۔
اب سوال یہ ہے کہ حل کیا ہے؟ صرف رونا کافی نہیں، اب ہمیں بولنا بھی ہے اور بدلنا بھی ہے۔
سب سے پہلے تو قانون سب کے لیے برابر ہو۔ انصاف کا مطلب یہ نہیں کہ عام آدمی کے لیے ایک قانون اور طاقتور کے لیے دوسرا قانون۔ اگر اسپتال میں مریض کو سہولت نہ ملے تو قانون کے مطابق ذمہ داروں کا تعین ہو، جیسے خبر دکھانے والے صحافی سے پوچھا جاتا ہے۔ اگر اسکول میں بچہ تعلیم سے محروم رہے تو ذمہ دار افسر سے بھی پوچھا جائے۔ جب تک قانون کا اطلاق صرف کمزور پر ہوگا، تب تک انصاف مکمل نہیں ہوگا
اس کے ساتھ ہی صحافی کو تحفظ دیا جائے۔ صحافی عوام کا مقدمہ لڑتا ہے۔ تنقید برائے اصلاح کو جرم نہ سمجھا جائے۔ اگر کوئی خبر غلط ہے تو اس کا جواب دلیل سے دیا جائے، مقدمات کے خوف سے نہیں۔ خبر کا جواب خبر سے، اور قلم کا جواب قلم سے دیا جائے۔ صحافی کو تحفظ ملے گا تو سچ زندہ رہے گا
پھر بات آتی ہے تعلیم اور صحت کی ایک ہی ملک میں دو تعلیم اور دو علاج نہیں چل سکتے۔ غریب کے بچے کے لیے بھی وہی اسکول ہو جو امیر کے بچے کے لیے ہے۔ غریب کے مریض کے لیے بھی وہی اسپتال ہو جو امیر کے مریض کے لیے ہے۔ سرکاری اسکول اور سرکاری اسپتال کو اتنا مضبوط کیا جائے کہ کسی غریب کو شرمندہ نہ ہونا پڑے
اور بوجھ بھی برابر بانٹا جائے۔ قربانی صرف عام آدمی نہ دے۔ جب ملک مشکل میں ہو تو سب سے پہلے مراعات پر نظرثانی ہو، مفت پٹرول، مفت بجلی مفت گھر جیسی سہولتوں کا جائزہ لیا جائے۔ مزدور کی مزدوری وقت پر ملے کسان کو اس کی فصل کا پورا معاوضہ ملے اور عام آدمی کے بل میں ریلیف دیا جائے بوجھ بانٹنے کا توازن برابر ہوگا تو عوام کا اعتماد بحال ہوگا
اور سب سے بڑا حل ہم خود ہیں۔ اگر ہم خاموش رہیں گے تو ناانصافی بڑھتی جائے گی۔ ہمیں اپنے محلے، اپنے شہر، اپنے اسکول، اپنے اسپتال کے مسائل پر آواز اٹھانی ہوگی۔ سوشل میڈیا پر، اخبار میں اور ہر فورم پر سچ لکھنا ہوگا۔ مگر سچ دلیل کے ساتھ تہذیب کے ساتھ، اور اصلاح کی نیت کے ساتھ
یاد رکھیے قلم کو زنجیر پہنانے سے سچ مرتا نہیں، سچ اور زیادہ طاقتور ہو کر ابھرتا ہے۔ آپ ایک صحافی کو خاموش کر دیں گے، سو قلم اور چلیں گے۔ کیونکہ سچ کو دبانا ایسا ہی ہے جیسے ہتھیلی پر سورج کو چھپانا
باغی ہونا جرم نہیں ہے۔ اور اگر سچ بولنا بغاوت ہے، تو ہم باغی ہیں، ہمیں باغی ہونے پر فخر ہے۔ اپنے حق کے لیے آواز اٹھانا غداری نہیں ہے اصل غداری یہ ہے کہ ناانصافی دیکھ کر خاموش رہا جائے
یہ ملک نہ کسی ایک طبقے کی جاگیر ہے نہ کسی ایک خاندان کا اثاثہ ہے یہ ملک ہر اس مزدور، کسان استاد، محنت کش، صحافی اور اس ماں کا ہے جو تمام تر مشکلات کے باوجود اس دھرتی سے عشق کرتی ہے
یہ ملک ہم سب کا ہے۔ اور ہم بولیں گے ہم لکھیں گے، اور ہم بدلیں گے چاہے اس بولنے کو کوئی بغاوت کہے، چاہے اسے کوئی جرم کہے
کیونکہ باغی ہونا جرم نہیں سچ بولنا بغاوت ہے
مزید پڑھیں





