زمین کے بعد خلا بھی محفوظ نہیں، تحریر: سید آزاد گیلانی
نقطہ نظر
انسان نے زمین کو اپنی خواہشات، مفادات، جنگوں اور صنعتی سرگرمیوں کی بھینٹ چڑھانے کے بعد اب خلا کا رخ کر لیا ہے۔ جس کائنات کو کبھی انسان حیرت، تجسس اور تحقیق کی نگاہ سے دیکھتا تھا، آج اسی کائنات میں اپنی طاقت، برتری اور بالادستی قائم کرنے کی دوڑ میں مصروف ہے۔ سوال یہ نہیں کہ انسان خلا تک کیوں پہنچا، بلکہ سوال یہ ہے کہ کیا وہ وہاں بھی وہی غلطیاں دہرانے جا رہا ہے جو اس نے اپنی زمین کے ساتھ کیں؟ سمندروں کو آلودہ کیا، فضا کو زہریلا بنایا، قدرتی وسائل کو بے دریغ استعمال کیا اور اب زمین کے گرد گردش کرتی خلائی وسعتیں بھی انسانی کارستانیوں کے باعث خطرات سے دوچار ہیں۔
11 نومبر کو جب میں اور ہماری کمپنی کے مائیکرو بایولوجسٹ صاحب کچھ تاخیر سے کمپنی سے نکلے تو ہمیں ڈراپ کرنے کے لیے کمپنی کی گاڑی موجود تھی۔ ہم گاڑی میں بیٹھے تو ان کے ہاتھ میں ایک کتاب تھی۔ کتاب کا نام تھا Orbital Debris: A Technical Assessment (مداری ملبہ: ایک سائنسی و تکنیکی جائزہ)۔ میں نے کتاب کے بارے میں دریافت کیا تو معلوم ہوا کہ یہ کتاب انسانی سرگرمیوں کے باعث زمین کے گرد خلا میں جمع ہونے والے ملبے اور اس کے خطرات کے بارے میں ہے۔ انہوں نے مجھ سے کہا، ’’آزاد! تم کالم لکھتے ہو، اس موضوع پر کیوں نہیں لکھتے؟‘‘
ان کی اس بات نے میرے ذہن میں کئی سوالات پیدا کر دیے۔ کیا انسان اپنی ترقی کی دوڑ میں خلا کو بھی آلودہ کر رہا ہے؟ کیا زمین کے گرد موجود یہ ملبہ مستقبل میں خلائی تحقیق اور انسانی زندگی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے؟ کیا دنیا نے اس مسئلے کا کوئی مستقل حل تلاش کیا ہے؟ اور سب سے اہم یہ کہ پاکستان اس خطرے سے نمٹنے کے لیے کہاں کھڑا ہے؟ ان سوالات کے جوابات تلاش کرنے کے لیے میں نے سب سے پہلے ان سے کچھ سوالات کئے جن سے میری تشویش و تجسس اور بڑھا اور پھر میں نے اس کتاب کے مطالعے اور پھر اس موضوع پر قلم اٹھانے کا فیصلہ کیا۔
سب سے پہلے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ خلا کا استعمال کوئی غیر ضروری عیاشی نہیں بلکہ جدید دنیا کی بنیادی ضرورت بن چکا ہے۔ مواصلات، انٹرنیٹ، موسم کی پیش گوئی، نیویگیشن، زرعی نگرانی، قدرتی آفات کی بروقت اطلاع اور سائنسی تحقیق سمیت بے شمار شعبے مصنوعی سیاروں پر انحصار کرتے ہیں۔ اس لیے خلائی تحقیق اور ٹیکنالوجی کی ترقی کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے، لیکن اسے دنیا پر حکمرانی، عسکری برتری اور دوسرے ممالک کو زیرِ اثر لانے کا ذریعہ بنانا یا اس دوران خلا کو آلودہ کرنا کسی صورت دانش مندی نہیں۔ خلا کسی ایک ملک کی جاگیر نہیں بلکہ پوری انسانیت کا مشترکہ اثاثہ ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ زمین کے گرد آخر کتنا ملبہ جمع ہو چکا ہے؟ یورپی خلائی ایجنسی کی 13 نومبر 2026 کو تازہ کردہ معلومات کے مطابق زمین کے مدار میں تقریباً 47 ہزار 270 خلائی اجسام باقاعدہ نگرانی کے نظاموں کے ریکارڈ میں موجود ہیں۔ ان میں فعال مصنوعی سیارے بھی شامل ہیں۔ تاہم یہ مکمل تصویر نہیں۔ سائنسی ماڈلز کے مطابق دس سینٹی میٹر سے بڑے اجسام کی تعداد تقریباً 68 ہزار 450 ہے، جن میں تقریباً 11 ہزار 300 فعال مصنوعی سیارے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایک سے دس سینٹی میٹر کے تقریباً 15 لاکھ اور ایک ملی میٹر سے ایک سینٹی میٹر کے درمیان تقریباً 23 کروڑ ملبے کے ٹکڑے زمین کے مدار میں موجود ہیں۔ زمین کے گرد موجود تمام خلائی اجسام کا مجموعی وزن 17 ہزار 600 ٹن سے زیادہ ہے۔ (بمطابق یورپی خلائی ایجنسی، اسپیس انوائرمنٹ اسٹیٹسٹکس، 13 نومبر 2026)
پھر اگلا اہم سوال کہ یہ ملبہ آخر ہے کیا؟
اس میں ناکارہ مصنوعی سیارے، استعمال شدہ راکٹوں کے حصے، خلائی مشنوں کے دوران الگ ہونے والے اجزا اور مختلف تصادموں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے ٹکڑے شامل ہیں۔ بظاہر ایک معمولی سا ٹکڑا بے ضرر محسوس ہو سکتا ہے، لیکن خلا میں اس کی رفتار اسے خطرناک بنا دیتی ہے۔ زمین کے نچلے مدار میں یہ اجسام تقریباً سات سے آٹھ کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے سفر کر سکتے ہیں۔ ایسی رفتار سے ٹکرانے والا ایک چھوٹا سا ذرہ بھی کسی فعال مصنوعی سیارے کے شمسی پینلز، حساس آلات، برقی نظام یا بیرونی حفاظتی سطح کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
اسی موضوع پر 1995 میں نیشنل ریسرچ کونسل کی شائع کردہ کتاب Orbital Debris: A Technical Assessment جس کا میں نے زکر اور مطالعہ کیا اس کا چوتھا باب، صفحات 79 تا 100، خاص طور پر قابل مطالعہ ہے۔ اس میں خلائی ملبے کے ٹکراؤ کے امکانات، اس سے ہونے والے نقصانات اور خلائی آپریشنز کو درپیش خطرات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ بالخصوص صفحات 88 تا 99 میں بتایا گیا ہے کہ ملبے کا ٹکراؤ خلائی جہاز کے بیرونی حصوں، شمسی توانائی کے نظام، برقی تاروں اور حساس آلات کو متاثر کر سکتا ہے۔ بعض حالات میں ایک تصادم سے مزید ٹکڑے پیدا ہو کر دوسرے خلائی اجسام کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں۔
سائنس دانوں نے اس حوالے سے ایک خطرناک تصور بھی پیش کیا ہے جسے کیسلر سنڈروم (Kessler Syndrome) کہا جاتا ہے۔اب یہ بھی انتہائی اہم معاملہ و سوال ہے کہ کیسلر سنڈروم کیا ہے ؟
اس نظریے کے مطابق اگر مدار میں موجود اجسام کے درمیان تصادم بڑھتا رہا تو ایک تصادم سے پیدا ہونے والا ملبہ مزید تصادمات کا سبب بن سکتا ہے۔ یوں یہ ایک خود بڑھنے والا سلسلہ بن سکتا ہے، جس کے نتیجے میں زمین کے بعض مدار طویل عرصے کے لیے خلائی سرگرمیوں کے لیے خطرناک یا ناقابل استعمال ہو سکتے ہیں۔ تصور کیجیے کہ جس ٹیکنالوجی کو انسان نے اپنی سہولت کے لیے تخلیق کیا، اسی کی بے احتیاطی مستقبل میں اس کی اپنی ترقی کے راستے محدود کر دے۔
سس مسئلے پر آواز اٹھانے والا صرف میں نہیں ہوں ایک ثبوت تو یہ کتاب ہے جس نے مجھے بھی متوجہ کیوں اس کے علاوہ بھی یہ پہلے سے عالمی سطح پر توجہ حاصل کر چکا ہے اور اس ضمن میں ہونے والی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ اقوام متحدہ کی کمیٹی برائے پُرامن استعمال خلا (COPUOS) نے 2007 میں خلائی ملبے کو کم کرنے کے رہنما اصول منظور کیے، جبکہ 2019 میں خلا کی طویل مدتی پائیداری کے لیے مزید رہنما اصول منظور کیے گئے۔ یورپی خلائی ایجنسی نے زیرو ڈیبرس چارٹر کے ذریعے 2030 تک خلائی ملبے کی پیداوار کم کرنے کے لیے عالمی تعاون کی کوششیں شروع کیں۔ جاپان نے اپنے ADRAS-J مشن کے ذریعے ایک ناکارہ راکٹ کے حصے کے قریب پہنچ کر اس کا معائنہ کرنے کی کامیاب عملی آزمائش بھی کی۔ یورپی خلائی ایجنسی کا ClearSpace-1 منصوبہ بھی ایک ناکارہ مصنوعی سیارے کو مدار سے ہٹانے کے لیے زیرِ تکمیل ہے، جس کی لانچ اب 2030 کے لیے مقرر ہے۔
تاہم ان کوششوں کی اہمیت اپنی جگہ، حقیقت یہ ہے کہ ابھی تک خلائی ملبے کی صفائی کا کوئی ایسا وسیع اور مؤثر عالمی نظام قائم نہیں ہو سکا جو اس بڑھتے ہوئے مسئلے کا مستقل حل پیش کر سکے۔ نگرانی کے نظام موجود ہیں، بڑے اجسام کی شناخت اور ان کے راستوں کا اندازہ لگایا جاتا ہے، ممکنہ تصادم سے بچنے کے لیے مصنوعی سیاروں کے راستے بھی تبدیل کیے جاتے ہیں، لیکن اربوں چھوٹے ذرات کو جمع کرنا یا مدار سے ہٹانا ایک انتہائی پیچیدہ تکنیکی مسئلہ ہے۔ یہ کہنا بھی درست نہیں کہ صرف ناسا اس کی نگرانی کرتا ہے؛ امریکی خلائی نگرانی کے نیٹ ورک، یورپی خلائی ایجنسی اور دیگر ممالک کے ادارے بھی اس کام میں شریک ہیں۔ اصل کمی مؤثر نگرانی کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر ملبہ ہٹانے کی عملی صلاحیت اور عالمی سطح پر لازمی پابندیوں کی ہے۔
اس مسئلے کا حل ناممکن نہیں۔ سب سے پہلے نئے خلائی مشنوں کے لیے ایسے اصول لازمی بنائے جائیں جن کے تحت راکٹ اور مصنوعی سیارے اپنے مشن کی تکمیل کے بعد محفوظ طریقے سے مدار سے نکالے جائیں۔ ناکارہ سیٹلائٹس کے ایندھن اور بیٹریوں کو محفوظ طریقے سے غیر فعال کیا جائے تاکہ وہ پھٹ کر مزید ملبہ پیدا نہ کریں۔ بڑے اور خطرناک ناکارہ اجسام کو پکڑنے کے لیے روبوٹک بازوؤں، مخصوص خلائی گاڑیوں اور جدید ٹیکنالوجی پر تحقیق کی جائے۔ خلائی اداروں کے درمیان معلومات کا تبادلہ، تصادم سے بچاؤ کے مشترکہ نظام اور خلائی ہتھیاروں کی دوڑ روکنے کے لیے قابل عمل عالمی معاہدے بھی ناگزیر ہیں۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ جو ملک یا ادارہ خلا میں کوئی چیز بھیجے، اس کی ذمہ داری محض اسے مدار میں پہنچانے تک محدود نہ ہو بلکہ اس کے محفوظ اختتام تک برقرار رہے۔
میں کوئی سائنسدان نہیں نہ ہی خلاباز ، دو وجوہات ہیں جن کی وجہ سے یہ لکھ رہا ہوں پہلی اگر چند دن میں ایک کتاب کا مطالعہ اور چند بین الاقوامی تحقیقی اداروں سے لی گئی معلومات اگر مجھے اتنا کچھ سکھا سکتی ہے تو باقی لوگوں کو بھی اپنے وطن اپنے گھر سے متعلق خطرات سے آگاہ ہونا چائیے۔ دوسری یہ وجہ ہے کہ اگر دنیا خطرے میں ہے تو پاکستان بھی خطرے میں ہے پاکستان خطرے میں ہے تو ہم خطرے میں ہیں ۔
کیا پاکستان اس خطرے سے واقف ہے؟ تو معلومات لینے پر پتہ چلا ہاں پاکستان اچھی طرح اس خطرے سے واقف ہے پاکستان کی قومی خلائی پالیسی 13 دسمبر 2023 کو وفاقی کابینہ سے منظور ہوئی۔ اس پالیسی میں واضح طور پر خلائی ملبے کی روک تھام، خلائی صورت حال سے آگاہی (Space Situational Awareness)، خلائی اجسام کی نگرانی اور بین الاقوامی تعاون کو اہمیت دی گئی ہے۔ پالیسی کے مطابق پاکستان نے خلائی ملبے کی روک تھام کے عالمی اصولوں پر عمل درآمد کی کوشش اور اپنی قومی خلائی نگرانی کی صلاحیت پیدا کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ اسی طرح پاکستان خلائی سرگرمیوں کو عسکریت اور ہتھیاروں کی دوڑ سے محفوظ رکھنے کی حمایت بھی کرتا ہے۔
پاکستان کی قومی خلائی ایجنسی سپارکو (SUPARCO) مواصلاتی اور زمینی مشاہدے کے مصنوعی سیاروں کے ذریعے اہم خدمات انجام دے رہی ہے۔ ہمارے مصنوعی سیارے مواصلات، زرعی نگرانی، پانی کے وسائل، شہری منصوبہ بندی اور قدرتی آفات کے جائزے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ پاکستان اقوام متحدہ کی کمیٹی برائے پُرامن استعمال خلا کا رکن بھی ہے اور ماشاءاللہ خلائی قوانین سے متعلق پانچ بنیادی بین الاقوامی معاہدوں کا فریق ہے۔
مزید برآں پاکستان اسپیس ایکٹیویٹیز رولز 2024 کے تحت خلائی سرگرمیوں کے لیے قانونی اور انتظامی ضابطہ بھی متعارف کرا چکا ہے، جس میں خلائی آلودگی سے بچاؤ کی شرط شامل ہے۔ پاکستان اسپیس ایکٹیویٹیز ریگولیٹری بورڈ (PSARB) بھی قائم کیا جا چکا ہے۔
یہ تمام اقدامات خوش آئند ہیں، لیکن ایک اہم سوال اب بھی اپنی جگہ موجود ہے۔ قومی خلائی پالیسی خود تسلیم کرتی ہے کہ پاکستان کو اپنی خلائی نگرانی اور ٹریکنگ کی صلاحیت مزید پیدا کرنا ہوگی۔ سپارکو کے پاس قدرتی اور انسانی ساختہ خلائی اجسام کے مشاہدے کے لیے دوربینوں اور خلائی موسمیاتی نگرانی کی سہولیات موجود ہیں، لیکن دستیاب عوامی معلومات سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ پاکستان کے پاس اس وقت چھوٹے خلائی ملبے کی جامع نگرانی اور بڑے ناکارہ اجسام کو مدار سے ہٹانے کی مکمل قومی صلاحیت موجود ہے۔ پالیسی میں درج عزم اور عملی طور پر حاصل شدہ صلاحیت کے درمیان فاصلے کو ختم کرنا ضروری ہے۔
اب ذرا سوچیے کہ اگر مستقبل میں دو بڑی خلائی طاقتوں کے درمیان جنگ چھڑ جائے، مصنوعی سیاروں کو نشانہ بنایا جائے یا کسی بڑے خلائی تصادم کے نتیجے میں مواصلاتی اور نیویگیشن نظام متاثر ہو جائیں تو پاکستان کہاں کھڑا ہوگا؟ ہمارے مواصلاتی نظام، انٹرنیٹ، ٹیلی ویژن نشریات، موسم کی پیش گوئی، زرعی منصوبہ بندی، قدرتی آفات سے نمٹنے اور دفاعی نگرانی کے شعبے متاثر ہو سکتے ہیں۔ پاکستان کے اپنے مصنوعی سیارے بھی تصادم یا خلائی ملبے کے خطرے سے محفوظ نہیں۔ اگر عالمی سطح پر سیٹلائٹ خدمات میں خلل پیدا ہوتا ہے تو اس کے اثرات ہماری معیشت، تجارت، نقل و حمل اور قومی سلامتی تک پہنچ سکتے ہیں۔
البتہ یہ واضح رہنا چاہیے کہ خلائی ملبے کے زمین پر گرنے سے براہِ راست انسانی جانی نقصان کا امکان نسبتاً کم ہے، کیونکہ بیشتر اجسام فضا میں داخل ہوتے ہوئے جل جاتے ہیں۔ تاہم بڑے یا مخصوص دھاتی اجسام کے ٹکڑے زمین تک پہنچ سکتے ہیں۔ یورپی خلائی ایجنسی نے 2026 کی اپنی رپورٹ میں ایسے ٹکڑوں سے زمینی آبادی کو لاحق خطرے میں اضافے کی نشاندہی بھی کی ہے۔ اس لیے اس خطرے کو مکمل طور پر نظرانداز کرنا دانش مندی نہیں۔
ہمیں اب یہ سوچنا ہوگا کہ ہم کس بات کا انتظار کر رہے ہیں؟ کیا کسی بڑے عالمی خلائی حادثے کے بعد اپنی کمزوریوں کا احساس کریں گے؟ کیا ہم ہر جدید ٹیکنالوجی کے لیے دوسرے ممالک کے محتاج رہنا چاہتے ہیں؟ پاکستان میں ذہانت، صلاحیت اور سائنسی استعداد کی کوئی کمی نہیں۔ ہمارے نوجوان انجینئرز، سائنس دان اور محققین عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں، بشرطیکہ انہیں جدید تجربہ گاہیں، تحقیق کے لیے مناسب فنڈز، عملی مواقع اور ادارہ جاتی سرپرستی فراہم کی جائے۔ یونیورسٹیوں، سپارکو اور نجی شعبے کے درمیان مضبوط اشتراک قائم کیا جائے۔ خلائی ملبے کی نگرانی، مصنوعی ذہانت کے ذریعے مدار میں موجود اجسام کی شناخت، روبوٹک ٹیکنالوجی اور خلائی صفائی کے منصوبوں پر مقامی تحقیق کو فروغ دیا جائے۔ ہمیں اپنے قابل نوجوانوں کو بیرون ملک جانے پر مجبور کرنے کے بجائے اپنے ملک میں ایسے مواقع پیدا کرنے ہوں گے کہ وہ اپنی صلاحیتیں یہیں بروئے کار لائیں اور برین ڈرین جیسی لعنت کا راستہ روکا جا سکے۔
دنیا آج صرف زمین کی حدود تک محدود نہیں رہی۔ طاقتور ممالک چاند، مریخ اور خلا کی دوسری وسعتوں میں اپنی موجودگی بڑھانے، وسائل تک رسائی حاصل کرنے اور مستقبل کی برتری قائم کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ایسے میں پاکستان کے لیے محض تماشائی بنے رہنا کسی طور مناسب نہیں۔ ہمیں بھی اپنے قومی مفادات، سائنسی صلاحیتوں اور مستقبل کے تحفظ کے لیے سنجیدہ منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔
آخر میں ایک بات یاد رکھنی چاہیے کہ ترقی صرف نئی دنیاؤں تک پہنچنے کا نام نہیں، اپنی موجودہ دنیا کو محفوظ رکھنے کا نام بھی ہے۔ اگر طاقتور ممالک نے خلا کو اپنی جنگوں اور مفادات کی آماج گاہ بنا دیا اور باقی دنیا خاموش تماشائی بنی رہی تو نقصان صرف کسی ایک ملک کا نہیں، پوری انسانیت کا ہوگا۔ ہمیں اپنے گھر کی حفاظت کے لیے اس کی چار دیواری مضبوط رکھنی ہوگی، کیونکہ اگر چار دیواری ہی محفوظ نہ رہی تو گھر بھی باقی نہیں رہے گا۔ زمین ہماری پہلی پناہ گاہ ہے اور خلا ہمارے مستقبل کا راستہ؛ ہمیں دونوں کی حفاظت کرنا ہوگی، ورنہ ایک دن نئی دنیا کی تلاش میں نکلنے والا انسان اپنی موجودہ دنیا بھی کھو بیٹھے گا۔
(نوٹ)
اس کالم کے لئے درج ذیل ویب سائٹس سے معلومات لی گئی ہیں .
یورپی خلائی ایجنسی
امریکی خلائی ادارہ ناسا
اقوام متحدہ کا دفتر برائے خلائی امور
پاکستان خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی کمیشن (سپارکو)
مزید پڑھیں





