کیمروں والی عینکوں کی خرید و فروخت پر پابندی، وفاقی حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے کیمروں والی عینکوں کی خرید و فروخت پر پابندی سے متعلق درخواست کی سماعت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے زین العابدین کی درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت پنجاب حکومت کی جانب سے کیمروں والی عینکوں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کرنے سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔
پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ صوبے بھر میں 26 اکتوبر کو کیمرے والی عینکوں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔وفاقی حکومت کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل رفاقت ڈوگر عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ وفاقی کابینہ نے 13 نومبر کو اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی کی جانب سے بھجوائی گئی تجاویز کی منظوری دے دی ہے، جبکہ وفاقی حکومت نے تمام صوبائی حکومتوں سے 25 نومبر تک ریگولیٹری فریم ورک طلب کرلیا ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مارکیٹوں، بڑی دکانوں اور سپر اسٹورز پر کیمرے نصب عینکیں فروخت ہورہی ہیں، جن کے ذریعے خفیہ طور پر ہر قسم کی ریکارڈنگ ممکن ہے۔ ان عینکوں کی فروخت کے لیے کسی حکومتی ادارے سے منظوری بھی حاصل نہیں کی گئی۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ کیمروں والی عینکوں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کرنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے وفاقی حکومت سے آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید کارروائی 8 دسمبر تک ملتوی کردی۔
مزید پڑھیں





