امریکی عہدیدار کے قتل کی سازش کا الزام، پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو ساڑھے 27 سال قید

واشنگٹن: امریکا کی وفاقی عدالت نے امریکی عہدیدار کے قتل کی سازش کے الزام میں گرفتار پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 330 ماہ یعنی تقریباً ساڑھے 27 سال قید کی سزا سنا دی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی اٹارنی جنرل ٹاڈ بلانچ نے 48 سالہ آصف مرچنٹ کو ایرانی ایجنٹ قرار دیا، تاہم آصف مرچنٹ نے اپنے خلاف عائد الزامات مسترد کیے تھے۔امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ ایرانی فوج کے کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے آصف مرچنٹ کو امریکا بھیجا گیا تھا۔آصف مرچنٹ پر امریکی عہدیدار کے قتل کی سازش اور امریکا میں دہشت گردی کی کوشش کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ انہیں 15 جولائی کو امریکی ریاست ٹیکساس سے گرفتار کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق آصف مرچنٹ نے مبینہ طور پر امریکی ہٹ مین کو ادائیگی کے لیے پاکستان سے 5 ہزار ڈالر منگوائے تھے۔دوسری جانب آصف مرچنٹ کا تعلق کراچی سے بتایا جاتا ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ان کا کراچی میں کوئی مجرمانہ ریکارڈ سامنے نہیں آیا اور نہ ہی پاکستان میں کسی جرم میں ملوث ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا نے پاکستانی حکام سے بھی آصف مرچنٹ سے متعلق معلومات فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔
مزید پڑھیں





