پشاور: پی ٹی آئی کے تین رہنما تیمور جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم جیل منتقل

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کو گزشتہ روز حراست میں لینے کے بعد آج جیل منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے تینوں رہنماؤں کو گزشتہ رات پشاور ہائیکورٹ کے مرکزی گیٹ سے حراست میں لیا تھا۔ گرفتاری سے قبل ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان پولیس نفری کے ہمراہ ہائیکورٹ پہنچے اور بار روم میں پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات کرکے انہیں گرفتاری دینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی۔بعدازاں تینوں رہنماؤں کو ہائیکورٹ کے مرکزی گیٹ پر پولیس نے حراست میں لے لیا۔ اس موقع پر ایک صحافی نے ایس ایس پی آپریشنز سے سوال کیا کہ کیا ان کے پاس تینوں رہنماؤں کی گرفتاری کے لیے تھری ایم پی او کے احکامات موجود ہیں؟ جس پر فرحان خان نے جواب دیا کہ ان کے پاس تھری ایم پی او کے احکامات موجود ہیں۔ پولیس کے مطابق تینوں رہنماؤں کو اسی قانون کے تحت گرفتار کیا گیا۔واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے ریڈیو حملہ کیس میں تینوں پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواست ضمانت خارج کردی تھی، جس کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی، تاہم انصاف لائرز فورم کے وکلا نے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا تھا۔ اس دوران تینوں رہنما پشاور ہائیکورٹ بار روم میں موجود رہے۔
بعدازاں پی ٹی آئی رہنما عبوری ضمانت کے لیے پشاور ہائیکورٹ پہنچے، جہاں عدالت نے ان کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ تاہم ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان بھاری پولیس نفری کے ہمراہ ہائیکورٹ کے مرکزی گیٹ پر موجود رہے اور پھر بار روم میں جاکر رہنماؤں سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد پولیس نے تیمور جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کو حراست میں لے کر اپنے ساتھ گاڑی میں منتقل کردیا، جبکہ آج انہیں جیل بھیج دیا گیا۔
مزید پڑھیں





