پی ٹی آئی کی چار سے پانچ فرنچائزز بن چکی ہیں مذاکرات کس سے کریں؟ فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پہلے خود متحد ہو، کیونکہ پارٹی کی چار سے پانچ فرنچائزز بن چکی ہیں، ایسے میں مذاکرات کس سے کیے جائیں؟
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ انڈر پاس کی تعمیر کے باعث شہریوں کو کچھ عرصہ مزید مشکلات برداشت کرنا پڑیں گی۔ انہیں عوام کی پریشانیوں کا احساس ہے اور متعلقہ کنٹریکٹر کو تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری ہے۔ اگر ان کے اپنے فارم ہاؤس میں بھی تجاوزات موجود ہیں تو انہیں گرایا جانا چاہیے۔ مفتی محمود مرکز میں تجاوزات پائی گئیں تو وہاں بھی کارروائی ہوگی۔ ان کے مطابق کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی جا رہی۔ فیصل کریم کنڈی نے وفاقی حکومت کی جانب سے 160 ارب روپے کا ریلیف پیکیج دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم سے ملاقات میں خیبر پختونخوا کا مقدمہ پیش کریں گے۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے صوبے کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن میں ملوث ہر شخص کو سزا ملنی چاہیے۔ سیاست میں مذاکرات اور بات چیت ہونی چاہیے، تاہم پی ٹی آئی کو پہلے خود متحد ہونا ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ مولانا کو اپنے بھائی اور بیٹے کی وجہ سے یہ دن دیکھنا پڑے۔ انہوں نے مولانا کے بیٹے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کسی کو بھتہ نہیں دیا۔
مزید پڑھیں
.jpg%3F2026-11-06T17%253A18%253A21.160Z&w=3840&q=75)




