جمعہ، 6 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے سوڈان کے وزیر داخلہ کی ملاقات، سیکیورٹی اور انسداد دہشتگردی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق


چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابیکر سمرا مصطفیٰ علی نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی سلامتی کی صورتحال اور سیکیورٹی و انسداد دہشتگردی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سوڈان کے وزیر داخلہ نے جمعہ کو جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور دنیا میں بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔

دونوں جانب سے پاکستان اور سوڈان کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، خصوصاً سیکیورٹی، انسداد دہشتگردی اور ادارہ جاتی تعاون کے شعبوں میں روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔


آئی ایس پی آر کے مطابق سوڈان کے وزیر داخلہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان اور سوڈان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سوڈان کے ساتھ دوطرفہ روابط مزید گہرے کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

انہوں نے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔