جمعرات، 26 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پی ٹی آئی پارلیمانی اجلاس میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے، تلخ جملوں کا تبادلہ،نئے صوبوں پر بھی اختلافات


پی ٹی آئی کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں تلخ جملوں کا تبادلہ، اندرونی اختلافات سامنے آگئے ہیں، بانی سے ملاقات کرنے والوں کو منظورِ نظر کہنے پر اراکین نے اعتراض کیا ، چار رکنی پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر بھی اختلاف ہوا، نئے صوبوں کی حمایت اور سیاسی کمیٹی میں سینیٹ کی نمائندگی نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ۔

اجلاس میں بیرسٹر علی ظفر اور سلمان اکرم راجا کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، سیاسی کمیٹی میں قومی اسمبلی کے پارلیمانی لیڈر کو شامل کرنے پر ارکان نے سوال اٹھایا کہ سینیٹ کے پارلیمانی لیڈر کو کیوں شامل نہیں کیا گیا۔ سلمان اکرم راجا نے جواب دیا کہ پارٹی عہدے رکھنے والے افراد کو سیاسی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے، بعض لوگوں کی میڈیا میں گفتگو پر سلمان اکرم راجا نے کہا کہ وقت آنے پر بتاؤں گا۔

بانی سے ملاقات کرنے والوں کو منظورِ نظر کہنے پر بھی ارکان نے اعتراض اٹھایا اور ایسی اصطلاحات سے گریز کرنے کی رائے دی۔ چار گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں نصف کے قریب ارکان پارلیمان شریک ہوئے، جنہیں بانی سے ملاقات، صحت، صوبوں کے معاملے اور آئندہ لائحہ عمل پر آگاہ کیا گیا۔ ارکان کی اکثریت نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کی حامی نکلی، بعض نے کھل کر حمایت کی۔ گزشتہ رات صوبوں کے معاملے پر بحث کرنے پر اتفاق ہوا، تاہم مرکزی قائدین کی عدم موجودگی کے باعث حتمی فیصلہ اگلے ہفتے تک مؤخر کردیا گیا۔

چار رکنی پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر بھی اختلاف سامنے آیا، بعض ارکان نے ذاتی خواہش پر کمیٹی بنانے کی مخالفت کی جبکہ کئی ارکان کمیٹی کے حامی ہیں، آئندہ اجلاس میں معاملات کو حتمی شکل دینے کی تجویز پیش کی گئی۔