جمعرات، 26 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کراچی عمارت حادثہ، ملبے سے ایک اور لاش برآمد، جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہوگئی


کراچی کی بلوچ کالونی ایڈمن سوسائٹی میں گرنے والی عمارت کے ملبے سے ایک اور لاش نکال لی گئی، حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہوگئی۔

ترجمان جناح اسپتال کا کہنا ہے کہ 14 زخمی اسپتال لائے گئے تھے، 13 زخمیوں کو طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا، اس وقت ایک زخمی زیر علاج ہے، جناح اسپتال میں 3 لاشیں منتقل کی گئیں۔

خیال رہے کہ کراچی میں کل گرنے والی 6 منزلہ عمارت کا ملبا اٹھانے کا کام جاری ہے، 600 گز کے رہائشی پلاٹ پر تعمیر چھ منزلہ عمارت چند لمحوں میں زمین بوس ہوگئی، عمارت کا منظور شدہ نقشہ گراؤنڈ پلس ون کا تھا، مگر پانچ اضافی منزلیں تعمیر کردی گئیں، چھٹی منزل ابھی مکمل نہیں ہوئی تھی جبکہ عمارت مبینہ طور پر گزشتہ ایک سال سے زیر تعمیر تھی۔ مسماری کا نوٹس جاری ہونے پر بلڈرز نے حکمِ امتناع حاصل کرلیا تھا۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ریکارڈ کے مطابق پلاٹ پر فلیٹس اور یونٹس کی تعمیر کی اجازت نہیں تھی، تعمیرات سے منسلک افراد میں محمد عبداللّٰہ شکیل، بلال شکیل اور ذیشان اسلم عرف شانی کے نام سامنے آئے ہیں، جبکہ آرکیٹیکٹ کا نام محمد فرحان بصیر بتایا گیا ہے۔ ان تمام افراد کے کردار اور ذمہ داری کا تعین تحقیقات کے بعد ہوگا۔