انتخابی اصلاحات کمیٹی پر ڈیڈلاک برقرار، حکومت کا پی ٹی آئی کے بغیر کمیٹی کی تشکیل کا عندیہ

انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل پر حکومت اور پی ٹی آئی میں ڈیڈلاک برقرار ہے، حکومت نے پی ٹی آئی کے بغیر انتخابی اصلاحات کمیٹی تشکیل دینے کا عندیہ دیدیا۔
حکومتی چیف وہپ طارق فضل چوہدری اور اپوزیشن چیف وہپ عامرڈوگر کے درمیان تیسری ملاقات ہوئی، طارق فضل چوہدری اور عامرڈوگر کی ملاقات میں انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انتخابی اصلاحات کمیٹی امور پر اتفاق نہ ہوسکا۔
عامر ڈوگر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے تاحال انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا، قیادت کی منظوری کے بغیر پارلیمانی کمیٹی کیلئے ازخود نام دینے کی پوزیشن میں نہیں ہوں۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کا کمیٹی میں یکساں نمائندگی کا مطالبہ پہلے ہی مسترد کر چکی ہے، پی ٹی آئی واضح کرے کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہونا ہے یا نہیں، پی ٹی آئی کی شمولیت کے بغیر بھی انتخابی اصلاحات کمیٹی تشکیل دی جا سکتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے غیر سنجیدہ رویے سے انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل میں تاخیر ہو رہی ہے، لگتا ہے پی ٹی آئی آئندہ انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر سنجیدہ نہیں۔ پی ٹی آئی کے رویے کی وجہ سے کمیٹی کی تشکیل غیر معینہ مدت تک موخر نہیں کر سکتے۔
مزید پڑھیں





