نورس اٹلانٹک کی اچانک آپریشن معطلی، برطانیہ میں پی آئی اے کے مسافر پریشان، دو پروازیں منسوخ

برطانیہ میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے مسافروں کو اچانک شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، نورس اٹلانٹک ایئرویز کی جانب سے بغیر پیشگی اطلاع آپریشن معطل کیے جانے کے باعث لندن اور مانچسٹر سے پاکستان آنے والی دو پروازیں منسوخ ہوگئیں۔ پروازوں کی منسوخی کی اطلاع اس وقت ملی جب مسافر ایئرپورٹس پر جہاز میں سوار ہونے کی تیاری کر رہے تھے۔
پی آئی اے کے مطابق لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 786 اور مانچسٹر سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 710 منسوخ کی گئیں۔ اچانک فیصلے کے باعث مسافروں کے سفری منصوبے متاثر ہوئے اور انہیں شدید پریشانی اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔
پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ نورس اٹلانٹک نے آپریشن معطل کرنے کے فیصلے سے ایئرلائن کو کسی پیشگی اطلاع کے بغیر آگاہ کیا، جس کے باعث آخری وقت میں پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔ ترجمان نے متاثرہ مسافروں سے پیش آنے والی زحمت پر معذرت بھی کی۔
دوسری جانب پی آئی اے نے اعلان کیا ہے کہ 26 نومبر سے برطانیہ میں اپنے آپریشن کے لیے ذاتی بوئنگ 777 طیارے استعمال کرے گی تاکہ نورس اٹلانٹک کی اچانک معطلی کے باوجود پروازوں کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔ نورس اٹلانٹک نے اپنے مالی حالات کو بھی انتہائی تشویشناک قرار دیا ہے اور آپریشن جاری رکھنے کے لیے نئی مالی معاونت کی ضرورت ظاہر کی ہے۔
مزید پڑھیں





