جاپان اور چین نے امریکا کی نئی ٹیرف تجویز کو افسوسناک قرار دیدیا

جاپان اور چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے پیش کردہ نئی درآمدی ٹیرف تجویز پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوس ناک قرار دے دیا ہے۔ جاپان کے چیف کیبنٹ سیکرٹری منورو کیہارا نے ایک پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ گزشتہ سال طے پانے والے دوطرفہ معاہدے کے تحت امریکا میں جاپانی سرمایہ کاری کی شرط پر ٹیرف کی حد 15 فیصد مقرر کی گئی تھی اور اس طے شدہ حد سے زائد اضافی محصولات عائد نہیں کیے جا سکتے، لہٰذا دوطرفہ معاہدے پر مستقل عمل درآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔
دوسری جانب چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ٹیرف اور تجارتی جنگ کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں اور تمام معاملات کو بات چیت اور باہمی مشاورت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے؛ انہوں نے کہا کہ چین چینی کمپنیوں کے خلاف امریکی کریک ڈاؤن کی سخت مخالفت کرتا ہے، اضافی پیداواری صلاحیت کو سیاسی جوڑ توڑ اور تجارتی دباؤ کا بہانہ نہیں بنایا جانا چاہیے اور چین اپنے حقوق و مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے چین، یورپی یونین، جاپان، جنوبی کوریا، بھارت اور تائیوان سمیت 14 بڑے تجارتی شراکت داروں کی مصنوعات پر نئے ٹیکس عائد کرنے کی تجویز پیش کی ہے جس کے تحت چینی مصنوعات پر پہلے سے نافذ محصولات کے علاوہ 20 فیصد اضافی ٹیرف عائد کیا جائے گا، تاہم ان کا نفاذ عوامی مشاورت اور سماعت کے مراحل مکمل ہونے کے بعد متوقع ہے۔
مزید پڑھیں





