منگل، 17 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دو مرحلوں میں کرانے کی منظوری


الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دو مراحل میں کرانے کی منظوری دے دی۔

پہلے مرحلے میں لاہور سمیت 18 ضلعی گروپوں جبکہ دوسرے مرحلے میں فیصل آباد اور ملتان سمیت مزید 18 ضلعی گروپوں میں انتخابات کرائے جائیں گے، الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب کو باضابطہ مراسلہ جاری کرتے ہوئے انتخابی تیاریوں کا عمل آگے بڑھانے کی ہدایت کردی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے 17 نومبر 2026 کو جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق پنجاب حکومت نے 16 نومبر کو بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کی تجویز بھجوائی تھی، جس سے الیکشن کمیشن نے اتفاق کرلیا ہے۔

مراسلے کے مطابق پہلے مرحلے میں لاہور، قصور ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، پاکپتن، سیالکوٹ اور اوکاڑہ سمیت 18 ضلعی گروپوں میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔

اِسی طرح چکوال و تلہ گنگ، راولپنڈی و مری، ڈیرہ غازی خان و تونسہ، راجن پور، نارووال، چنیوٹ، خانیوال، بہاولپور، لودھراں، سرگودھا، حافظ آباد اور بھکر بھی شامل ہیں۔

دوسرے مرحلے میں فیصل آباد اور ملتان سمیت مزید 18 ضلعی گروپوں میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے، اس مرحلے میں ساہیوال، گوجرانوالہ و وزیرآباد، بہاولنگر، اٹک، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، وہاڑی اور جہلم شامل ہیں۔

اس کے علاوہ دوسرے مرحلے میں مظفرگڑھ و کوٹ ادو، ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، لیہ، جھنگ، گجرات اور رحیم یار خان میں بھی بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔

الیکشن کمیشن نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری پیشگی انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں اور انتخابی تیاریوں کا عمل مزید آگے بڑھایا جائے۔