Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پنجاب میں تعلیمی اصلاحات کا بڑا منصوبہ، نئے نصاب کی منظوری


پنجاب میں تعلیمی نظام میں جامع اصلاحات کا فیصلہ کرتے ہوئے نئے نصاب کی منظوری دے دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت تعلیمی اصلاحات سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، جس میں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ذیلی ادارے پیکٹا کی جانب سے نئے نصاب پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں انگلش، میتھ، سوشل سٹڈیز، اردو اور ارلی چائلڈ ہوڈ کریکولم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نئے نصاب کی باضابطہ منظوری دے دی۔

نئے نصاب کے تحت طلبہ پر کتابوں کا بوجھ 25 فیصد کم کیا جائے گا، جبکہ رٹے کے رجحان کی حوصلہ شکنی پر بھی توجہ دی جائے گی۔ ہر نصابی کتاب میں کیو آر کوڈ شامل ہوگا، جسے سکین کرنے پر متعلقہ موضوع کا ویڈیو سبق دیکھا جا سکے گا۔

وزیراعلیٰ نے کلاس ون سے بارہویں جماعت تک اے آئی نصاب تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مارچ سے قبل نصابی کتب کی پرنٹنگ مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ اجلاس میں پنجاب میں پہلی مرتبہ اساتذہ کے لیے مینٹل ہیلتھ ٹریننگ شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ سکولوں میں جسمانی سزا کے خاتمے کے لیے قانون سازی پر اتفاق کیا گیا، جبکہ ہر ضلع میں وزیٹنگ فیکلٹی سائیکالوجسٹ مقرر کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے طلبہ کے لیے آن لائن کونسلنگ کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ جسمانی سزا کے متبادل کے طور پر کلاس رومز میں ڈسپلن کارنر قائم کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔

اجلاس میں ہفتے کا ایک دن اساتذہ کی تربیت کے لیے مختص کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ نئے نصابی کتب کے مصنفین خود اساتذہ کی تربیت کریں گے تاکہ نئے نصاب کو مؤثر انداز میں پڑھانے کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ پنجاب کے سرکاری سکولوں میں بہترین تعلیمی ماڈل دیکھنا چاہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اے آئی نصاب کے ساتھ ساتھ لیبارٹریز کے قیام پر بھی توجہ دینی چاہیے، جبکہ دستیاب وسائل کے ضیاع کو روکنا ضروری ہے۔

مریم نواز نے پرائمری سکولوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی بنیادی تعلیم مضبوط بنانا ترجیح ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق 12 اضلاع کی 31 تحصیلوں میں 35 ہزار اساتذہ کی انگلش لرننگ مکمل کی جا چکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے جسمانی تشدد کے حوالے سے کہا کہ مار پیٹ کا ڈرامہ بچے کی زندگی پر تاحیات اثر انداز ہوتا ہے۔ انہوں نے پنجاب کے سکولوں میں ڈیجیٹل لٹریسی کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

رسائی کے اختیارات

Size: NORMAL