پنجاب میں اسموگ،تعلیمی اداروں کیلئے حکمنامہ آ گیا

لاہور میں خطرناک حد تک بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی اور اسموگ کے تدارک کیلئے محکمہ تحفظِ ماحول پنجاب (ای پی اے) نے تمام اسکولوں میں طلبہ، والدین اور اسٹاف کیلئے کارپولنگ کے فروغ کی ہدایت کردی۔
ڈی جی ماحولیات پنجاب عبداللہ نیئر شیخ نے کارپولنگ کو انسدادِ اسموگ کی حکمت عملی کا باقاعدہ حصہ بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایک ہی علاقے یا روٹ سے آنے والے طلبہ، والدین اور اسکول عملے کیلئے باہمی رضامندی سے گاڑیوں کے مشترکہ استعمال کو یقینی بنایا جائے۔محکمہ ماحولیات کے مطابق صبح کے اوقات میں اسکولوں کے باہر گاڑیوں کی شدید آمدورفت ٹریفک جام اور فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔ اسکولوں کے اطراف گاڑیوں کی تعداد کم کرکے اسموگ پر مؤثر انداز میں قابو پایا جا سکتا ہے۔ڈی جی ماحولیات عبداللہ نیئر شیخ کا کہنا ہے کہ لاہور میں گاڑیوں کا غیر ضروری اور انفرادی استعمال فضائی آلودگی کے مسئلے کو سنگین بنا رہا ہے، جس کے باعث ہنگامی اقدامات ناگزیر ہیں
مزید پڑھیں





