Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بچوں کے جنسی استحصال پر نامناسب مذاق، یو ٹیوبر رجب بٹ نے معافی مانگ لی


معروف یوٹیوبر رجب بٹ نے بچوں کے جنسی استحصال جیسے حساس اور سنگین موضوع سے متعلق نامناسب مذاق کرنے پر شدید عوامی تنقید کے بعد معافی مانگ لی۔ چند روز قبل رجب بٹ کی زید علی ٹی کے ساتھ ٹک ٹاک لائیو کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے زید علی کے تاثرات پر تبصرہ کرتے ہوئے بچوں کے جنسی استحصال جیسے حساس موضوع کو مذاق کے طور پر استعمال کیا تھا۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے رجب بٹ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ شدید ردعمل کے بعد رجب بٹ نے اپنے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ ان کے استعمال کیے گئے الفاظ غلط اور ناقابلِ قبول تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مذاق بدقسمتی سے معاشرے، خصوصاً لڑکوں کی محفلوں میں معمول بن چکے ہیں، تاہم اس حقیقت سے یہ مذاق درست یا قابلِ قبول نہیں ہوجاتے۔ یوٹیوبر نے کہا کہ ملک میں بچوں کے جنسی استحصال جیسے سنگین مسئلے کی موجودگی کے پیش نظر انہیں اس معاملے میں زیادہ حساسیت کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے اپنے نامناسب تبصرے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے میں اپنی غلطی تسلیم کرتے ہیں۔ رجب بٹ نے عوام سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے جنسی استحصال جیسے حساس موضوع کو مذاق کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے اور وہ اپنے نامناسب تبصرے پر سب سے معذرت خواہ ہیں۔