Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

راکول پریت کا انکم ٹیکس کارروائی سے نام جوڑے جانے پر سخت ردعمل


بالی ووڈ اداکارہ راکول پریت سنگھ نے انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ممبئی میں کی جانے والی تلاشی کارروائی سے اپنا نام جوڑے جانے والی میڈیا رپورٹس پر سخت ردعمل دیا ہے۔

راکول پریت نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ان کے بارے میں حقائق کی تصدیق کیے بغیر سنسنی خیز انداز میں خبریں نشر اور شائع کی گئیں۔

اداکارہ نے واضح کیا کہ انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کی کارروائی ان کے خلاف نہیں تھی اور میڈیا اداروں سے مطالبہ کیا کہ ان سے متعلق قیاس آرائیوں پر مبنی رپورٹس واپس لی جائیں۔

راکول پریت نے کہا کہ وہ فوجی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں اور فلمی دنیا میں کسی گاڈ فادر کے بغیر اپنی محنت سے مقام بنایا، جبکہ وہ 20 سال کی عمر سے باقاعدگی سے ٹیکس ادا کر رہی ہیں۔

اداکارہ نے غیر قانونی غیر ملکی ترسیلاتِ زر سے اپنے یا کسی پروڈکشن ہاؤس کے تعلق کی بھی سختی سے تردید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت یا بیرون ملک ان کے نام پر کوئی بے نامی جائیداد نہیں اور نہ ہی انہوں نے کبھی تحفے میں کوئی قیمتی جائیداد قبول کی۔

راکول پریت نے میڈیا سے اپیل کی کہ اگر ان کے بارے میں جھوٹی، بدنیتی پر مبنی یا قیاس آرائیوں پر مبنی خبریں شائع کی گئی ہیں تو انہیں واپس لے کر حقائق واضح کیے جائیں۔