سعودی عرب کی کوہاٹ دھماکے کی شدید مذمت، شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت

سعودی عرب نے خیبرپختونخوا میں مسجد پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے، جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں خیبرپختونخوا میں مسجد پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سعودی عرب عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے، شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے اور بے گناہ افراد کا خون بہانے کے اقدامات کو مسترد کرتا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب ہر قسم کی دہشت گردی، انتہا پسندی اور تشدد کے خلاف برادر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، خواہ ان کارروائیوں کے محرکات یا ان کے لیے پیش کیے جانے والے جواز کچھ بھی ہوں۔ بیان میں حملے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ، حکومت اور عوام پاکستان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ہے۔





